معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ کی ساتویں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ،سال 21۔2020 میں 67000سکالرشپس کیلئے 6.53 ارب روپے کی منظوری

112

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ کی ساتویں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس نے سال 21۔2020 میں 67000سکالرشپس کیلئے 6.53 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ پیر کو سال 21۔2020 کے تعلیمی سال کے بجٹ کی منظوری اور کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت پیر کو احساس انڈرگریجویٹ سکالر شپ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس حوالے سے کمیٹی نے ملک بھر میں 67000 ضرورت اور میرٹ پر مبنی سکالرشپس کیلئے 6.53 ارب روپے کی منظوری دی ۔کمیٹی ممبران نے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں دینے والے 111685انڈرگریجویٹ طلباء (42430طالبات کی درخواستیں ) پر تبادلہ خیال کیا، پورٹل 30نومبر 2020کو درخواستوں کے حصول کیلئے بند ہوگیا تھا ۔ اجلاس میں سرکاری شعبے کی 125یونیورسٹیوں کے ساتھ پروگرام کے فیلڈ ایگزیکیوشن کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تعلیمی سال 21۔2020 میں سکالرشپ کی تقسیم اور اس عمل کو تیز کرنے پر زور دیا ۔ نئی درخواستوں کی جانچ فی الحال جاری ہے اور اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ حتمی انتخاب کا عمل اپریل 2021تک مکمل ہوجائے گا ۔ ڈاکٹر ثانیہ نے بی آئی ایس پی اور ایچ ای سی کو بھی اس مرحلے میں بروقت آگاہی مہم اور فنڈز جاری کرنے پر عملدرآمد کی اپیل کی ۔ کمیٹی کو آگاہ گیا کیا کہ ایچ ای سی پبلک سیکٹر کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے طلباء کی سہولت کیلئے مارچ2021کے دوسرے ہفتے میں 15روز کیلئے پورٹل دوبارہ کھولے گا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس بات پر زور دیا کہ احساس پالیسی کے تحت اسکالرشپس 50 فیصد طالبات اور 2فیصد مخصوص صلاحیت کے حامل افراد کو ملنی چاہیئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اس تعلیمی پروگرام کے ذریعے مستحق طالبات، مخصوص صلاحیت کے حامل طلباء اور پسماندہ علاقوں سے درخواست دینے والے طلباء کو ترجیحی بنیادوں پر فائدہ حاصل ہونا چاہئے ۔24ارب روپے کا احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام حکومت کا ایک اہم پروگرام ہے جو کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے مستحق طلباء (50%طالبات) کو ہرسال 50000سکالرشپس فراہم کرتا ہے ۔ پروگرا م کی جغرافیائی رسائی آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں ہے ۔اس پروگرام کے تحت چار اور پانچ سالہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں میں داخلے کیلئے کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو احساس سکالرشپس دی جاتی ہیں ۔ احساس سکالر شپ میں ٹیوشن فیس اور رہائشی وظیفہ شامل ہے ۔ سال 20۔2019 میں ملک بھر میں 50762طلباء کو 4.827 ارب روپے کی سکالرشپس دی گئی ہیں ۔احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپس پروگرام کی نگرانی وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی، اور چیئرمین ایچ ای سی کی زیر صدارت احساس سکالرشپ اسٹیئرنگ کمیٹی کررہی ہے ۔ اس فیصلے پر اجلاس کا اختتام کیا گیا کہ کمیٹی بدعنوانی کی روک تھام اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پر باضابطہ طور پر کام کرے گی ۔