اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 20 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کے مطالبے کے بعد اب اپنا موقف پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ میں تبدیل کردیا ہے،ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے 20 پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ پر اعتراض اٹھایا اور دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا جس پر ہم اتفاق کرتے ہیں،لیکن اب اس نے اپنا مؤقف بدلا ہے اور پورے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے انتخابات کو متنازعہ بنا دیا ہے۔منگل کووہ عثمان ڈار ، فرخ حبیب اور پارٹی امیدوار علی اسجد ملہی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ قانونی طور پرالیکشن کمیشن کو نتائج مرتب کرنے کے بعد انہیں روکنے کا اختیار نہیں تھا ۔ تاہم وزیر اعظم عمران خان نے 20 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے مسلم لیگ ن کی درخواست کی مخالفت نہ کرنے کا کہا اور علی اسجد ملہی کو بغیر کسی اعتراض کے اپنی درخواست واپس لینے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا جب کسی بھی حکومت نے ضمنی انتخاب میں اپنی طاقت نہیں دکھائی۔چوہدری فواد نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمیشہ شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔وہ ایسے شخص ہیں جنہوں نے کرکٹ میں غیرجانبدار ایمپائر کا آغاز کیا۔اسی ویژن اور اصول کے بعد وزیر اعظم اس انتخاب کو غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے بھی کوششیں شروع کی تھیں۔ عوام نے ماضی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا مشاہدہ کیا ہے لیکن تحریک انصاف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے وہ خوش ہیں ، انہوں نے کہا الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ کی حیثیت سے کام کر رہا ہے اور ان کے فیصلوں کا بہت احترام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے امور سے بچنے کے لئے انتخابی اصلاحات پر زور دیا جس کے لئے آئینی ترمیم پیش کی گئی تھی لیکن اپوزیشن نے اسے قبول نہیں کیا۔وزیر اعظم عمران خان ایسے تمام اقدامات کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے جو انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے انتہائی اہم تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم شفافیت کے اصول کی طرف گامزن ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کروانا بھی شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کی ایک کوشش تھی جس پر ان کی وزارت تندہی سے کام کر رہی تھی۔