ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 6،پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

67

کراچی ۔23فروری (اے پی پی):پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، ٹام کیڈمور کو مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا۔ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لئے 194 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ٹام کیڈمور53،امام الحق 48،کامران اکمل 37، حیدر علی 25 ناٹ آئوٹ اور رتھر فورڈ نے 15 رنز بنائے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منگل کو کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 6 کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی کے اوپنرز امام الحق اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ہدف کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیااور مجموعی اسکور کو 6.3 اوورز میں 57 رنز تک پہنچادیا تاہم اس موقع پر کامران اکمل 24 گیندوں پر 2چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے انفرادی اسکور37 پر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد امام الحق کے ساتھ ملکر ٹام کیڈمورنے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا، دونوں بیٹسمینوں مجموعی اسکور کو 134 رنز تک پہنچایا۔ اس اسکور پرامام الحق بائونڈری لائن سے بریتھویٹ کی تھرو پر رن آئوٹ ہوگئے۔

انہوں نے 39 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگ کھیلی۔کیڈمورکے ساتھ رتھر فورڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیالیکن رتھر فورڈ 15 رنز بناکر شاہنواز دھنی کی گیند پر بریتھویٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔جس کے فوری بعد ٹام کیڈمور بھی ایک اچھی اننگ کھیلنے کے بعد شاہنواز دھنی کی گیند پرسہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ ٹام کیڈمور نے 32 گیندوں پرایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے، انہوں نے اپنی نصف سینچری 31 گیندوں پر بنائی۔اس موقع پر شعیب ملک اور حیدرعلی وکٹ پر موجود تھے اور دونوں نے ملکر مزید 34 رنزبناکر زلمی کو جیت سے ہمکنار کیا۔شعیب ملک نے 5 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 11 رنز اور حیدر علی نے 8 گیندوں پر 2 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 25 رنزناٹ آئوٹ بنائے۔زلمی کے بالر شاہنواز دھنی کے اننگز کے 19ویں اوورز میں 24 رنز بنے اور انہوں نے44 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پشاورزلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ملتان سلطانز نے پشاورزلمی کو میچ جیتنے کے لئے 194 رنز کا حدف دے دیا۔جیمز ونس84،محمد رضوان 41 اور صہیب مقصود36 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

سلطانز نے اپنے مقررہ20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 1.1 اوورز میں مجموعی اسکور 6 رنز پر کرس لِین، محمد عرفان کی گیند پر صرف ایک رن بنانے کے بعدحیدرعلی کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے جس کے بعد وکٹ کیپر کپتان محمدرضوان کا ساتھ دینے کے لئے جیمز ونس آئے، دونوں بیٹسمینوں مل کر مجموعی اسکور88 رنز تک پہنچایا لیکن بدقسمتی سے اس اسکور پر محمدرضوان 28 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41رنز بناکر محمد عمران کی گیند پرامام الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

اس موقع پر جیمز ونس کا ساتھ دینے کے لئے صہیب مقصودبینٹنگ کے لئے آئے اور دونوں نے مل کر خوبصورت اسٹروکس کھیلے لیکن جب مجموعی اسکور 159 رنز پر پہنچا توصہیب مقصود 21گیندوں پر 2 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر محمود کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کا شکار ہوگئے۔186 کے مجموعی اسکور پر جیمز ونس بھی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بناکر محمود کی گیند پر محمد عرفان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔رائیلی روسو نے اپنی اننگز کے دوران 8 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اورایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے،خوشدل شاہ نے بھی 4 رنز بنائے۔

زلمی کے بالرثاقب محمود نے 36 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمدعمران اورمحمد عرفان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔وباب ریاض سب سے زیادہ مہنگے بالر ثابت ہوئے انہوں نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 51ر نز دئیے اور ان کی گیندوں پر 3 چھکے اور 5 چوکے لگے۔پشاورزلمی کی ٹیم میں کامران اکمل،امام الحق،حیدرعلی،شعیب ملک، ٹام کیڈمور، رتھر فورڈ،وہاب ریاض(کپتان)،مجیب الرحمن،ثاقب محمود،محمدعمران اور محمد عرفان شامل تھے جبکہ ملتان سلطانزکے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، کرس لِین، جیمز ونس،صہیب مقصود، رائیلی روسو،خوشدل شاہ،شاہد آفریدی، کارلوس بریتھویٹ،سہیل تنویر، عثمان قادر اورشاہنواز دھنی شامل تھے۔ زلمی کی ٹیم میں روی بوپارہ کی جگہ ٹام کیڈموراور عماد بٹ کی جگہ عرفان علی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ قلندرز میں صہیب اللہ کی جگہ عثمان قادراورمحمد عمر کی جگہ شاہنواز دھنی کو شامل کیا گیا ہے۔

نائٹ میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور شوزب رضا (آن فیلڈ امپائرز)، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر)، احسن رضا (فورتھ امپائر)، روشن ماہنامہ(میچ ریفری) کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچوں میں سے زلمی نے دو اور سلطانز نے تین میچوں کامیابی حاصل کی ہے۔ زلمی نے فروری 2019 میں5 وکٹوں اورفروری 2019 میں ہی 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ قلندرز نے مارچ 2018 میں19 رنز، فروری 2020 میں6 وکٹوں اور مارچ 2020میں3 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔