
ملتان۔28فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ بیرونی قوتیں انتشار پھیلا کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہی ہیں ،ہمیں ایسی قوتوں سے بچنا ہوگا اور ان کا راستہ روکنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان اسلامی دنیا کے عظیم لیڈر کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔ 74سالوں میں پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے عالمی ایوانوں میں اسلام پر بات کی۔پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے خلاف آواز بلند کی۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مولانا ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا موجودہ ملکی حالات اور عالمی ہائیبرڈ جنگ میں علماءو مشائخ عظام کو مثبت کردا رادا کرنا ہوگا۔پاکستان کے امن ،بقاءاور سلامتی کیلئے علماءمشائخ و اکابرین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا موجودہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے بڑھتے ہوئے روجحانات ملکی سلامتی کیلئے زہر قاتل ہے ہماری خواہش ہے علماءو مشائخ کی مشاورت سے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جائیں کہ ملک میں انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے روجحانات کو روکا جا سکے۔ اس موقع پر سنی تحریک کے رہنما شاداب رضا نقشبندی ‘ ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر ‘ خواجہ ندیم مدنی صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مختلف تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں کرپشن کے خاتمے اور نظام کی شفافیت اور تبدیلی کیلئے پر عزم ہیں۔
انہوں نے کہا حکومت سینیٹ میں اوپن بیلٹ کرکے ایک شفاف نظام کی بنیاد رکھنا چاہتی ہیں۔ اس کے برعکس اپوزیشن اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم جان لے کون کس کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن دھاندلی زدہ نظام کی حامی اور شفافیت کی راہ میں دیوار بنی جبکہ عمران خان انتخابی عمل میں شفافیت کیلئے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔عمران خان اس مقصد کے حصول کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا تحریک انصاف کو جب اقتدار ملا قومی خزانہ خالی اور ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار تھی۔ جس کے بتدریج مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور مشکل فیصلوں کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں گامزن کر لیا ہے ، پہاڑ جیسے مسائل ورثے میں ملنے اور کورونا وبا کے باوجود حکومت نے بروقت اور درست فیصلوں سے معیشت کو سنبھالا دیا ۔،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معیشت پرمصنوعی لباداچڑھایا ہوا تھااور اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی پوری کوشش تھی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کیا جائے، الحمد اللہ بھارت اپنی کوششوں میں ناکام رہا۔ ایف اے ٹی ایف کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا اور اب ایف اے ٹی ایف نے کہا ہے کہ بلیک لسٹنگ پاکستان کیلئے آپشن نہیں رہا۔انشاءاللہ پاکستان جلد گرے لسٹ بھی نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں۔ جو راتوں رات حل نہیں ہوسکتے۔ لیکن ہم خلوص نیت سے اپنی تمام توانیاں پاکستان کی ترقی کیلئے صرف کررہے ہیں
، قوم ہمارا ساتھ دے۔ انشاءاللہ اچھا وقت آنے والا ہے۔قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ یوسی 18 میں مدرسہ نوری حضوری حاجی مختیار انصاری کی اہلیہ کی برسی میں شرکت کی۔ یوسی 25 میں حاجی ارشاد انصاری کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی۔ یوسی 26 میں پی ٹی آئی کارکن طارق خان کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ یوسی 47 میں شریف کمبوہ کے والد کے نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما عمران سومرہ کے گھر محفل میلاد میں شرکت کی ۔ یوسی 43 ملک اللہ دتہ بھٹہ کے والد کی برسی میں شریک ہوئے#