علی حیدر گیلانی کی وڈیو نے ملکی سیاست میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

56

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی وڈیو نے ملکی سیاست میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو وڈیو کا نوٹس لیکر یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دینا چاہیے، آج کے واقعہ نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کے اوپن بیلٹ کے موقف کو صحیح ثابت کیا ہے۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی وڈیو بہت اہم ہے اور یہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کیلئے لمحہ فکریہ ہے خاص طور پر ن لیگ کیلئے کیونکہ نواز شریف جب نااہل ہوئے تو انہوں نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو سیٹ کرنے کی کوشش کی، نواز شریف اور بے نظیر بھٹو نے جو میثاق جمہوریت سائن کیا تھا اس میں دونوں جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ پر اتفاق کیا تھا لیکن اب دونوں جماعتوں نے کھلے عام اوپن بیلٹ کی مخالف کی، یہ منافقت نہیں تو اور کیا ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے جسطرح سے سیاست میں آ کر کرپشن کر کے ملک کے سیاسی نظام کو تباہ کیا ہے، علی حیدر گیلانی کی وڈیو نے اپوزیشن کے ووٹ کو عزت دینے کے بیانیے کا جنازہ نکال دیا ہے، علی حیدر گیلانی کے عمل سے ثابت ہو گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے ابھی تک کرپشن کرنے کی عادت نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ سینیٹ انتخابات سے کرپشن اور ہارس ٹریڈنگ کو ختم کرنے کیلئے اوپن بیلٹ کی بات کی ہے، پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے اس کی مخالفت کی ہے کیونکہ یہ جماعتیں پیسے کا لین دین جاری رکھنا چاہتی ہیں۔