وزیراعظم عمران خان کے بیانیہ کی آج فتح ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی

61

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بیانیہ کی آج فتح ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان نےایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،بہت سی چیزوں کی شناخت ہو گئی ہے، میں نے وزیراعظم عمران خان کو نام دے دیئے ہیں، 3 ممبران وہی ہوں گے جو علی حیدر گیلانی کے ساتھ ویڈیو میں تھے، علی حیدر گیلانی کے ساتھ آڈیو میں آوازیں پہچان چکا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن سے ایک دن پہلے ویڈیو منظر عام پر آتی ہے اور اس میں خرید و فروخت اور ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتائے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان اسی نظام کو شفاف بنانے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی سیٹ جیت گئے اور اسلام آباد کی دوسری سیٹ پر پی ٹی آئی کی امیدوار کامیاب ہوئیں تو اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے تو اس میں اپوزیشن کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپوزیشن کو تو خوش ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کسی نے اپنا ووٹ بیچا یا رات کے اندھیری میں کوئی دو نمبری کی تو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے وقت پتہ چل جائے گا کہ کون کہاں کھڑا ہے، حکومت ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر کے اکثریت دکھا دے گی تو معلوم ہو جائے گا کہ سینٹ الیکشن میں ووٹ خریدے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پیسے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، شفاف انداز میں اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے، پیسے کی سیاست کرنا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا کام ہے۔