
اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے سینٹ انتخابات میں جس طرح سیاست کو گندا کیا اس پر ہر ووٹر شرمندہ ہے، انہیں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بدل کر نوٹ کو عزت دو کا نام رکھ لینا چاہئے، توقع ہے کہ پارلیمان کے اندر 179 ارکان قومی اسمبلی وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزیراعظم آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ا س وقت کھسیانی بلی بنی ہوئی ہے، اس نے جس طرح سیاست کو گندا کیا ہے اس پر ہر ووٹر شرمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک جرأت مندانہ فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں اتنا جرأت مندانہ فیصلہ کسی نے نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پارلیمان میں سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سینیٹر فوزیہ ارشد ایوان سے 174 ارکان کے ووٹ لے چکی ہیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری نے علی الاعلان اقبال جرم کیا ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ یہ ووٹ (ن) لیگ کے ٹکٹ پر ڈالے گئے، جس طرح کی سیاہ کاری سینٹ الیکشن میں اپوزیشن نے دکھائی ہے اس نے پیپلز پارٹی کے چہرے سے بھی جمہوری لبادہ ہٹا کر ان کا سیاہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، الیکشن ہارنے کے باوجود (ن) لیگ جشن منا رہی ہے اور (ن) لیگ کا وطیرہ بھی بے نقاب ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے اعتمادکا ووٹ حاصل کرنے کا اعلان کرکے دلیرانہ سیاست کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور ہم سب ان کی قیادت پر اعتماد کے اظہار کیلئے یہاں آئے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پارلیمانی نمائندوں کے سامنے اپنا بیانیہ رکھ دیا ہے جو غریب کے احساس اور درد پر مشتمل ہے اور یہ بیانیہ پاکستان کیلئے جدوجہد کا بیانیہ ہے جو وزیراعظم عمران خان نے شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی آنکھوں میں وزیراعظم عمران خان کھٹکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ چور، لٹیرے مگرمچھ کے آنسو بہا کر عوامی خیرخواہ بننے کا ڈرامہ کر رہے ہیں، اپوزیشن نے پاکستان کا جو حال کیا ہے وہ پوری قوم دیکھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی راجکماری جو اب پھولن دیوی کا روپ دھار چکی ہے اس کے بیان اور علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے بعد الیکشن کمیشن کو کوئی لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے، الیکشن کمیشن سے گزارش ہے کہ وہ ایسا لائحہ عمل بنائے کہ کسی بھی الیکشن کے بعد ایک دوسرے پر انگلیاں نہ اٹھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ جارحانہ اننگز کھیلی اور چوکے، چھکے لگائے، کل بھی جارحانہ بیٹنگ سے اپوزیشن کی بساط الٹ جائے گی اور ان کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔