جعلی راجکماری اورسندھ کا شہزادہ سن لیں اب ابو بچیں گے نہ ملک و قوم کا لوٹا ہوا پیسہ،سینیٹ الیکشن میں حصہ لیکر پی ڈی ایم نے تھوک کر چاٹا،فردوس عاشق اعوان

76

لاہور۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعلی راجکماری اورسندھ کا شہزادہ”ابو بچاﺅ تحریک“چلا رہے ہیں،یہ دونوں سن لیں کہ اب ابو بچیں گے نہ ملک و قوم کا لوٹا ہوا پیسہ،قوم مغل شہزادے اور مسٹر 10پرسنٹ کی کرپشن کی ہوشربا داستانیں آج تک نہیں بھولی۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیٹ پر پیسے کے بل بوتے پر جیت کے ڈونگرے برسانے والوں میں کوئی شرم ہے نہ حیا،سینیٹ الیکشن میں حصہ لے کر پی ڈی ایم نے تھوک کر چاٹا،پہلے یہ بائیکاٹ کا ڈھونگ رچاتے رہے اورپھر انتہائی ڈھٹائی سے انتخابات میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی،پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان صرف ڈھکوسلہ ہے،استعفوں کی طرح تحریک عدم اعتماد کا اعلان بھی ان کے گلے کی ہڈی ثابت ہوگا،سندھ کا شہزادہ پہلے صوبہ سندھ کی ابتر حالت پر توجہ دے،سندھ کا جو حال پیپلز پارٹی نے کیا ہے کوئی دشمن بھی ایسا نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی نااہلی اورنالائقی کے باعث سندھ کے عوام آج بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں،سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر پہلے ہی عدم اعتماد کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عناصر نے ہر موقع پر عوام کو تنہا چھوڑا ہے،کورونا کی دوسری لہر کے باوجود اس بے حس ٹولے نے اپنی منفی روش نہیں بدلی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ24 گھنٹے میں کورونا کے860 نئے مریض رپورٹ ہوئے اور30 مریض جاں بحق ہوئے،پنجاب میں کورونا سے اب تک 5510 اموات ہو چکی ہیں،پنجاب میں 24 گھنٹے میں کورونا کے 15,092 ٹیسٹ کئے گئے اور اب تک3,370,828 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔