وزیراعلیٰ پنجاب کی قومی اسمبلی کے ایوان سے بھرپور اعتماد کا ووٹ لینے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد

52
آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانیوالے بے نقاب ہو چکے،عثمان بزدار

لاہور۔6مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قومی اسمبلی کے ایوان سے بھرپور اعتماد کا ووٹ لینے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قومی اسمبلی کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور وزیراعظم عمران خان نے 2018 کے مقابلے میں زیادہ ووٹ لئے ۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کا دلیرانہ فیصلہ کرکے پی ڈی ایم کو چاروں شانے چت کیا اور شفافیت اور حق کی جیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اراکین کا وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد اپوزیشن کے منہ پر طمانچہ ہے۔قومی اسمبلی میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ۔کل شادیانے بجانے والوں کو اب منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ قومی اسمبلی نے چوروں اور لٹیروں کے بیانیے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

چور اور لٹیرے مقابلہ کرنے کی بجائے میدان سے ہی فرار ہو گئے۔پی ڈی ایم ٹولے کا ایوان سے راہ فرار اختیار کرنا بزدلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے اقتدار میں آئے اور عوامی حمایت سے ہی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ قومی اسمبلی کا وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار شفاف پاکستان کی جیت ہے۔

کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ اراکین قومی اسمبلی نے شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کا ساتھ دیا۔