
سکھر۔7مارچ (اے پی پی):کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین 15اپ کراچی ایکسپریس کو منڈو ڈیرو اور سانگی ریلوے اسٹیشن پر حادثی پیش آیا ہے،حادثہ میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 40 مسافر زخمی ہوئے ہیں، 3 مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔فوج ، رینجرز اور ایدھی عملہ ریسکیو میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین 15اپ کراچی ایکسپریس روہڑی سٹیشن سے روانہ ہوئی تو 10منٹ بعد اسے حادثہ پیش آیا۔ منڈو ڈیرو اور سانگی ریلوے اسٹیشن (کلو میٹر نمبر 490/2 ) پر مزکورہ مسافر ٹرین کی 9 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ،اطلاع ملتے ہی پنوں عاقل چھاونی سے پاکستان آرمی کے جوان، سکھر سے رینجرز اور ایدھی اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
حادثہ میں ایک خاتون عظمیٰ زوجہ محمد صابر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں،جاں بحق خاتون کی عمر 32 سال تھی اور وہ لانڈھی کراچی کی ساہیوال جارہی تھی۔جائے حادثہ سے روڈ 2 کلو میٹر دور ہونے کی وجہ سے ریسکیوآپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔15سے زائد زخمی مسافروں کو روہڑی تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے
جبکہ باقی زخمیوں کوسکھر سول ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔حادثہ کے باعث دونوں ٹریک متاثر ہوئے ہیں۔ٹریکس کی بحالی کا کام تیزی سے جا ری ہے۔