سیاحتی شعبے کے فروغ میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان

98
سیاحتی شعبے کے فروغ میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان
سیاحتی شعبے کے فروغ میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سیاحتی شعبے کے فروغ میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے۔ کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں ٹورازم کے فروغ کے لیے سامنے آنا چاہیے کیونکہ ملک میں جتنی سیاحت ہو گی اس سے معیشت کو سہارا ملے گا، ہم نے ملک میں اسکائی ڈائیونگ کو فروغ دینا ہے، کوہ پیمائی کے لیے بھی نوجوان آگے آئیں اور اپنا لوہا منوائیں ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے اتوار کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پاکستان ٹورازم فورم کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری، سکائی ڈائیورز، الپائن کلب کے سیکرٹری،مائونٹینرز اور ایونٹ کے آرگنائزر سمیت مختلف اسپانسرز بھی موجود تھے۔معروف کوہ پیما نذیر صابر ، پیرا گلائڈنگ پائلٹس احمد کمال اور بریڈ سینڈر ، اسکائی ڈائیورز جہانزیب نورزئی اور سکینہ ذیشان سیمت مائیکرولائٹ پائلٹ فواد عبد اللہ نے پینل ڈسکشن میں حصہ لیا اور سب نے اپنے تجربے کو شیئر کیا اور ملک میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے مفید مشورے دیئے۔

وفاقی وزیر نے وفاقی وزراء ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور غلام سرور خان، ضلعی انتظامیہ اور چیئر مین سی ڈی اے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنایا، اس ایونٹ میں ڈونرز اور اسپانسرز بیٹھے ہیں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے یہاں پر جہاں پر بھی جائیں گے آپ کو خوبصورتی اور قدیم اشیا اور عمارتیں نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوینچر ٹورزم ایسی چیز ہے جس میں لوگ شرکت کرتے ہیں اور پیسہ خرچ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا اور زلفی بخاری کا مشن ہے کہ سکائی ڈائیونگ کو پروموٹ کریں، یہاں پر ٹریننگ کے لئے ٹیکنیکل لوگوں کو بلائیں تاکہ نوجوان اور بچے ان سے ٹریننگ حاصل کر سکیں۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی شعبے کے فروغ میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے باہمی تعاون سے اسلام آباد میں سیاحتی میلے کا انعقاد ممکن ہوا، مسلح افواج اور وفاقی وزراء نے ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، مستقبل میں پیرا گلائیڈنگ اور اسکائی ڈائیونگ کو عام کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جہاں پیسوں کی ریل پیل ہو گی وہاں خود بخود ترقی ہوتی ہے جب کہ بھارت کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کو منفی انداز میں پیش کیا جائے۔عمر ایوب خان نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں ٹورازم کے فروغ کے لیے سامنے آنا چاہیے کیونکہ ملک میں جتنی سیاحت ہو گی اس سے معیشت کو سہارا ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ مصر میں سیاحت ہو سکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ ہمارا مشن ہے کہ ہم نے ملک میں اسکائی ڈائیونگ کو فروغ دینا ہے، کوہ پیمائی کے لیے بھی نوجوان آگے آئیں اپنا لوہا منوائیں۔قبل ازیں امریکی سیاح انجیلا کارسن نے کہا کہ وہ گزشتہ 20سالوں سے سیاحت کے شعبے سے وابسطہ ہے اور38 ممالک کا سفر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتے گلگت بلتستان میں گزارے تھے، بلوچستان سمیت پاکستان کے سارے شہر خوبصورت ہیں ۔انہوں نے اپنی ٖڈاکیومنٹری بھی پیش کی۔ پی ایچ پی اے کےصدر سید ساجد حسین شاہ نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری کو شیلڈ پیش کی۔