جسمانی معذور خواتین کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اسد قیصر

68
جسمانی معذور خواتین کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اسد قیصر
جسمانی معذور خواتین کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اسد قیصر

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد بالخصوص جسمانی معذوری کی شکار خواتین کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ قانون سازی سمیت خصوصی افراد کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔میں یقین دلاتا ہوں کہ پارلیمنٹ اس حوالے سے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

وہ اتوار کو پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر جسمانی طور پر معذور خواتین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کا دن ایسا موقع ہے کہ اس کے ذریعے ہم معاشرے کے خصوصی افراد کی مشکلات دور کرنے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لئے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر شعور اجاگر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سفر میں دنیا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ وومن کاکس کی چیئرمین منزہ حسن کی تعریف کی اور کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے قانون سازی کے حوالے سے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

پارلیمنٹ کی سطح پر انہوں نے اب تک کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خصوصی افراد کے لئے آئی سی ٹی بھی منظور کیا ہے اور خصوصی افراد کے لئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی بھی قائم کی ہے، جس کا مقصد قانون سازی میں سقم دور کرنا اور ایسی سفارشات مرتب کرنا ہے جس کے ذریعے موجودہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہائوس میں بھی خصوصی افراد کی رسائی کے لئے کام ہو رہا ہے، ہم آئین کو بریل پر لانے کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہسپتالوں اور اہم تعلیمی اداروں تک بھی خصوصی افراد کی رسائی یقینی بنانے کے لئے کام ہو رہا ہے۔

پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خصوصی افراد کے لئے موجود قوانین پر عملدرآمد کے لئے بھی کام کر رہی ہے۔ خصوصی افراد کے لئے موبائل ایپ بھی شروع کی گئی ہے جس کے ذریعے شناختی کارڈ، پاسپورٹ کے حصول اور ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر سروسز تک ان کی رسائی آسان ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میں خود اس تکلیف سے گزر رہا ہوں کیونکہ میرا اس شعبے کے ساتھ خصوصی لگائو ہے۔

انہوں نے پارلیمنٹ میں خواتین ارکان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پارلیمنٹ اس حوالے سے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ سپیکر نے کہا کہ اس موقع پر جو مطالبات پیش کئے گئے ہیں ان پر عملدرآمد کے لئے بھی سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

کورونا کی خصوصی افراد کو ویکسین لگانے کے لئے بھی سیکرٹری صحت کو خط لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کی دوڑ میں اگر خصوصی افراد کو بھرپور موقع فراہم کیا گیا تو اس کے انتہائی مثبت اثرات رونما ہوں گے۔