پاکستان میں زرعی انقلاب لانے کے لیے ہر کسان کو کسان کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے ،وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار

59

رحیم یار خان۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرعی انقلاب لانے کے لیے ہر کسان کو کسان کارڈ کا اجراءکرکے رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے جس سے حکومت کی طرف سے بیج ، کھاد ، اور دیگر زرعی ضروریات میں دی جانے والی سبسڈی سے کسان براہ راست مستفید ہو گا ۔

ایم این اے مخدوم مبین عالم کی رہائش گاہ محسن آباد میں اراکین اسمبلی اور عمائدین سے گفتگو کے دوران وفاقی مخدوم وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا حل تحمل، بردباری او رجمہوری عمل کے فروغ و تسلسل میں ہے، انتشار کی سیاست کسی سیاسی جماعت کے حق میں نہیں ، حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک وقوم کو مسائل کی دلدل سے نکال کر دیرپا اور مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پُر عزم ہے ضلع رحیم یار خان کے لیے 10 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج لائے ہیں اسے کے علاوہ ورلڈ بنک سے پنجاب کی 14تحصیلوں کے لیے 70 ارب روپے واٹر سپلائی منصوبوں اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی ترسیل کے لیے فنڈز ملے ہیں جن میں سے 3ارب روپے صرف تحصیل لیاقت پور میں خرچ ہوں گے انہوں نے لیاقت پور کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ آباد سے لیاقت پور تک 300ملین کی لاگت سے سڑ ک کی تعمیر ہو گی اسی طرح خانبیلہ سے اللہ آباد 180 ملین ، موٹر وے ایم فائیو کو جوڑنے کے لیے 200 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں اور لیاقت پور گرلز کالج میں 30کلاس رومز کی تعمیر کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اکنامک افیئر مخدوم خسرو بختیار نے بعد ازاں کوٹلہ پٹھان میں سابق چیئر مین شاہد حبیب جتوئی کے گھر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو فی ایکڑ زرعی قرضہ کی مد میں رقم بڑھانے کے لیے عملی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور اگلے ماہ سے ہی زرعی پیکیج میں اس کا اعلان بھی کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی ترقی ، خوشحالی اور ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا بھر پور طریقے سے آغاز کر رہی ہے اس موقع پر ایم این اے مخدوم مبین عالم نے بتایا کہ تحصیل لیاقت پور میں احساس پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں میں 1ارب روپے کی رقم تقسیم کی گئی۔

اس موقع پر ایم پی اے عامر نواز خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف راجہ محمد سلیم ، قاضی ظفر نوید ، اکرام خان جہانگیری ، ٹکٹ ہولڈر سیٹھ عبدالماجد ، عاشق حسین پیرزادہ سردار احمد خان لنڈ، سردار رشید خان کورائی ، مشرف خان جتوئی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ خان پور ، رحیم یار خان اور صادق ا?باد کے لیے بھی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔