اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ، طلبا ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں اور موجودہ حکومت ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی بھی موجود تھے۔
سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تعلیم کی بہترین اور جدید سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں تعلیم کا فروغ میری زندگی کا مشن ہےاس مشن کو پورا کیے چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے جس میں اسکولوں،کالجز اور یونیورسٹیز کا قیام اور ان کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکساں تعلیمی نظام کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے ذریعے طبقاتی تقسیم کا خاتمہ ہو گااور معاشرے کے پسے ہوئے اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کو جدید علوم سے آراستہ کرنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کا موقع ملے گا۔اسپیکر نے عالمی وباء کورونا وائرس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تعلیم کے عمل میں بھی چیلینجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے تعلیمی نظام کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی مدد سے بہت جلد ہم کورونا کی وجہ سے درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے صوابی میں تعلیم کے فروغ کے لئے اسپیکر اسد قیصر کی کلیدی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ویمن یونیورسٹی صوابی طلباء کو بہترین تعلیم و تربیت سے روشناس کرے۔ اسپیکر اسد قیصر نے وائس چانسلر کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے تعلیم کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔