اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ کویت نے مختلف سیکٹرز میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت میں اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
معاون خصوصی زلفی بخاری نے جمعہ کے روزاپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کی کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح سے خوشگوار ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ،ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران کویتی وزیر خارجہ کے پاکستان اور کویت کے تعلقات میں بہتری کے حوالے سے خیالات سن کر مسرت ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ کویتی وزیر خارجہ نے آنیوالے دنوں میں کویت کے مختلف سیکٹرز میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت میں اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔