کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لازماً لگوائی جائے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

76

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام الناس پر زور دیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لازماً لگوائی جائے، اس بارے میں ابہام پیدا کرنے والوں سے خبردار رہیں کیونکہ وہ کوویڈ 19 اور ویکسین کے بارے میں جانتے نہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ویکسین کی افادیت کے بارے میں شبہات پیدا کرنے والوں کی جانب سے اٹھائے گئےسوالات کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں اور اس کا اثر ہونے میں چند ہفتے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کیسز میں ویکسین 100 فیصد موثر ہوتی ہے اور دیگر میں بھی یہ انفیکشن کی شدت میں نمایاں کمی کرتی ہے جس سے مریض کے بچنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور بیگم ثمینہ علوی نے 60 سال اور اس سے زائد عمر کے لوگوں کے لئے ویکسینیشن پالیسی کے تحت 15 مارچ کو ویکسین لگوائی تھی۔ صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، دعا ہے کہ اللّہ تعالیٰ انہیں جلد اور مکمل صحت یاب فرمائیں۔