وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

50

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا معاشی شعبے میں بہتری لانے کا عزم پختہ ہے تاکہ عوام کو سستے نرخوں پر اشیائے ضروریہ خریدنے میں آسانی ہو، منتخب نئی معاشی ٹیم عوام کی توقعات پر پورا اترے گی، مالیات کے شعبے میں کی جانے والی بحالی سے لوگوں کو ریلیف ملے گا ۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت قومی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے،کابینہ میں ردوبدل عام آدمی کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا گیا ہے، حفیظ شیخ کی زیر نگرانی کام کرنے والی گزشتہ فنانس ٹیم نے نظام کو بہتر کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے ۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نئی معاشی ٹیم عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی۔ ایک سوال کے جواب میں شہزاد اکبر نے کہا کہ مریم نواز نیب میں پیشی کے وقت اپنے ساتھ کارکنوں کا ہجوم ساتھ لانا چاہتی تھیں جس کی وجہ سے امن وامان خراب ہونے کا خدشہ تھا اس لئے ان کے خلاف کیس کی سماعت ملتوی کرنا پڑی، نیب کو قانون کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما نوازشریف کو احتساب کیلئے طلب کرنا چاہئے۔