اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے جاپان کے سفیر کونینوری مٹسوڈا نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر نے محمد صادق سنجرانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور جاپان کے مابین معاشی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط کے فروغ سے دیگر شعبوں میں تعاون بہتر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے، معدنیات اورماہی گیری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کار بلوچستان بالخصوص گوادر اور پسنی میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک کی بدولت خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے، سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بین الاقوامی برادری کو کردار ادا کرنا چاہئے، کشمیر نیو کلیئر فلش پوائنٹ بن چکا ہے جس کے نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پورے خطے کیلئے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
جاپانی سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جاپان پاکستان کے ساتھ تجارتی تعاون میں مزید فروغ کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو جاپان میں ملازمتیں فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔