جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے، شاہ محمو دقریشی

122
پورا یقین ہے کہ ق لیگ اور ایم کیو ایم حکومت کا ساتھ دینے کا وعدہ پورا کریں گی، پی ٹی آئی وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی
ملتان۔9اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔ دوتہائی اکثریت نہ ہونے کی بدولت فوری طور پر صوبے کا قیام ممکن نہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں بہاولپور اور ملتان میں سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لا کر جنوبی پنجاب صوبے کی سیڑھی رکھ دی ہے جو مستقبل میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی بنیاد ثابت ہوگا۔ پی پی ، ن لیگ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لئے مخلص نہیں۔
اگر دونو ںجماعتیں چاہتیں تو اپنے دور اقتدار میں صوبہ بنا سکتی تھی ۔ لیکن وہ صوبہ تو در کنار سیکرٹریٹ بھی قائم نہ کر سکے۔ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا صحیح طرح ادراک ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے ۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریگی۔ جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر تحریک انصاف خواتین ونگ جنو بی پنجاب کی جنرل سیکرٹری قربان فاطمہ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ برداشت نہیں ہو رہا اور اس کے خلاف سازش کی گئی۔ ۔
انہوں نے واضح کیا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رول بیک نہیں ہوگااور مکمل اختیارات کے ساتھ بہت جلد فعال ہوگا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تمام محکموں کے سیکرٹریز مکمل اختیارات کے ساتھ بیٹھیں گے اس حوالے سے ایک وزارتی کمیٹی بھی قائم کی گئی جو رولز آف بزنس میں ترمیم کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فعال کرنے کیلئے جلد ہی اپنی سفارشات پیش کریگی۔
انہوں نے کہاجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو جلد از جلد فعال کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ سیکرٹریٹ کے قیام سے نہ صرف جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیاں دور ہونگی بلکہ خطے کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنما قربان فاطمہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے فعال کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کے سامنے بھر پور مقدمہ لڑنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اور سیکرٹریٹ کے اختیارات کی بحالی پروزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارک باد پیش کی۔