لاہور۔12اپریل (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے لاہور ڈویژن میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کی 146سکیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، لاہور کی 16،قصور کیلئے 82، ننکانہ صاحب کے لیے 21اور شیخوپورہ کے لیے پینے کے صاف پانی کی 27سکیموں پر399ملین روپے سے زائد خرچ ہوں گے، گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب فنانس کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کر دے۔
وہ گورنر ہائوس لاہور میں مختلف اضلاع کےلئے پینے کے صاف پانی کی سکیموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پر یس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان،تحر یک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدر ی سمیت اراکین اسمبلی ،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد اور چیف ایگز یکٹوپنجاب آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے تمام اضلاع کو تر قیاتی فنڈز ملنے چاہئیں ‘پی ڈی ایم کا جو حشر ہوچکا ہے اب اپوزیشن جماعتیں حکومت نہیں ایک دوسرے کیخلاف ہی لانگ مارچ کر یں گی، میں جہانگیر خان تر ین کو یقین دلاتاہوں کہ حکومتی ادارے انکے خلاف مقدمات میں کسی قسم کی جانبداری کا مظاہرہ نہیں کر یں گے اور مکمل انصاف ہوگا ،(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے آئینی مدت پوری کی ہے اس لیے آئینی مدت پوری کر نا تحر یک انصاف کا بھی آئین وجمہوری حق ہے۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ سے یہ کہتے رہے ہیں تحر یک انصاف کا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں سے نہیں تحر یک انصاف سے ہی ہے اور عام انتخابات کے دوران جب تحر یک انصاف میں سب ایک پیج پر آئے تو ہم نے بھر پور کامیابی حاصل کی اور آج بھی ہمیں تحر یک انصاف کے اندر اختلافات کی سیاست کو ختم کر کے متحد ہونا چاہیے۔جہانگیر خان ترین کے متعلق سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ یکساں انصاف کی بات کی ہے اور جہانگیر تر ین کے خلاف جو بھی مقدمات ہیں ان کی تحقیقات ہو رہی ہیں اس لیے میں ابھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ مقدمات غلط ہیں یا ٹھیک کیونکہ کیس کے بارے میں حتمی فیصلہ تحقیقات کے بعد ہی ہوگا ،مگر میں جہانگیر خان تر ین کو اس بات کی گارنٹی دیتاہوں کہ انکے معاملے میں وفاقی یا پنجاب حکومت سمیت کوئی بھی ادارہ جانبدار نہیں ہوگا، انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے پیپلزپارٹی اور اے این پی نکل چکی ہے اور اب پی ڈی ایم کا جو حشرہے اسکے بعد کوئی شک نہیں کہ پی ڈی ایم جماعتیں اب حکومت کے خلاف نہیں ایک دوسرے کیخلاف ہی لانگ مارچ کر یں گی اور تحر یک انصاف کی حکومت وفاقی یا پنجاب حکومت کو پی ڈی ایم یا کسی اورسے کوئی خطر ہ نہیں، عوام بھی ملک میں جمہوریت کا تسلسل ،کر پشن کا خاتمہ اور ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں جسکے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔
گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی صرف تحر یک انصاف اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقوں میں ہی نہیں جہاں سے اپوزیشن جماعتوں کے لوگ جیتے ہیں وہاں بھی فلٹر یشن پلانٹس لگائے گی اور فلٹر یشن پلانٹس کے حوالے سے فلاحی تنظیمیں بھی ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہیں، جتنے فلٹر یشن پلانٹس پنجاب آب پاک اتھارٹی لگائے گی اتنے ہی فلٹر یشن پلانٹس فلاحی تنظیموں کیساتھ ملکر ہم لگائیں گے۔ ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہا کہ پینے کا صاف پانی سب سے اہم ضرور ت ہے اورگور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی سر براہی میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے قیام کے بعد مجھے یقین ہے کہ اب پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی ملے گا اور پینے کے صاف پانی سے بہت سی بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
جہانگیر خان تر ین کے ساتھ عدالت جانیوالے اراکین اسمبلی کے متعلق سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گور نر پنجاب سے کہنا چاہتی ہوں کہ پارٹی کے اندر جن لوگوں کے بھی شکوے شکایت ہیں انکو دور کیا جائے گا،وزیر اعظم عمران خان کے گلدستے میں بہت سے پھول ہیں ،بکھرے ہوئے گلدستے کی پہچان ختم ہو جاتی ہے اور جہاں تک پی ڈی ایم کا تعلق ہے تو میرا پہلے دن سے موقف ہے کہ پیپلز پارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی۔