پی ڈی ایم لوٹ مار کرنے والی سیاسی جماعتوں کا اجتماع ہے، یہ ابو بچائو مہم تھی جس کا انجام یہی ہونا تھا ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

68
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) لوٹ مار کرنے والی سیاسی جماعتوں کا اجتماع ہے، یہ لوگ کسی نظریے یا ایجنڈے پر نہیں، صرف اپنی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے، یہ ابو بچائو مہم تھی جس کا انجام یہی ہونا تھا جو پوری قوم کے سامنے ہے، ن لیگ کو ہر جگہ سے اتنے زخم ملے ہیں ان کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ عوام کے سامنے اپنے لوٹ مار کے بیانیے کو کیسے بیچیں۔

پیر کو پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ڈی ایم کے تمام عہدے چھوڑنے کے اعلان کے بعد نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہی دو جماعتیں ہیں جو ماضی میں ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑ کر پیسے نکالنے کی باتیں کرتی تھیں، آخر میں پیٹ پھاڑنے کی بجائے ایک دوسرے کے شوکاز نوٹس پھاڑتی ہوئی نظر آ رہی ہیںِ، ایک بات واضح ہے کہ ن لیگ کبھی کسی جماعت کی ہوئی ہے اور نہ ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹ کر ملک کو کھوکھلا کیا اور یہی دونوں جماعتیں ملک کو درپیش حالیہ تمام مسائل کی اصل ذمہ دار ہیں، نہ صرف تحریک انصاف حکومت بلکہ پوری قوم ماضی کی حکومتوں کی ناقص معاشی پالیسیوں اور غلط فیصلوں کو بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹھوس اور سخت فیصلے کر کے بڑی مشکل سے ملکی معیشت کو استحکام دیا اور ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے، مریم نواز ملک کو دوبارہ انہی اندھیروں میں دھیکلنا چاہتی ہیں، وہ ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے پیپلزپارٹی سے تعاون مانگ رہی تھیں کہ استعفے دیں، باہر نکلیں تاکہ ملک افراتفریحی کا شکار ہو، اسی مقصد کیلئے انہوں نے لاڑکانہ میں جا کر پیپلزپارٹی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے لیکن جب پیپلزپارٹی نے ان کے ساتھ تعاون نہ کیا تو ن لیگ والے پیپلزپارٹی کو ہی آنکھیں دکھانا شروع ہو گئے۔

بلاول بھٹو کے آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ کوئی بھی ملک خوشی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا، ماضی کی حکومتوں نے اگر ملک پر قرضوں کا بوجھ نہ بڑھایا ہوتا، قومی اداروں اور ملکی معیشت کو تباہ نہ کیا ہوتا تو موجودہ حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہ پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلامقابلہ ن لیگ کے سینیٹرز منتخب ہوئے اس کا کوئی ذکر نہیں کر رہا لیکن یوسف رضاگیلانی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بننے پر ن لیگ کو تکلیف ہو رہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ کا آج سے نہیں ہمیشہ سے دوہرا معیار رہا ہے لیکن اس دفعہ یہ آصف علی زرداری کے ہاتھوں چڑھ گئی اور انہوں نے ن لیگ کو ایسا چونا لگایا کہ ان کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ کس کو جا کر اپنا دکھ بتائیں،

مریم نواز سائلنٹ موڈ پر ہیں جبکہ حمزہ شہباز کی توجہ پنجاب کی سیاست پر مرکوز ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت عوام سے کچھ نہیں چھپا رہی، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ عوام کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرتے ہیں، عمران خان ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جو فون پر براہ راست عوام سے بات کرتے ہیں اور ان کے مسائل سنتے ہیں۔