احتجاج اور دھرنوں کا نقصان پاکستان کو ہو رہا ہے، ہم نے اس ملک کو مضبوط کرنا ہے،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

63

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کا نقصان پاکستان کو ہو رہا ہے، ہم نے اس ملک کو مضبوط کرنا ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب غلامان رسول ۖ ہیں، حکومت کبھی بھی کسی سیاسی جماعت پر پر پابندیاں عائد نہیں کرنا چاہتی، لیکن حالات اس طرح کے ہوگئے ہیں کہ سڑکیں بلاک کر دی گئی ہیں ، پولیس والوں کو شہید کیا جارہا ہے، املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے،دنیا میں پاکستان کا غلط امیج جارہا ہے، ہسپتالوں میں آکسیجن نہیں پہنچنے دی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب ختم نبوتۖ کے بل میں ترمیم ہونے لگی تھی تو اس کے خلاف ہم سب کھڑے ہوگئے تھے، ہمارا دشمن اس طاق میں ہے کہ پاکستان کوئی غلطی کرے اور اس پر پابندیاں عائد کروائی جائیں جس سے مہنگائی اور دیگر مسائل مزیدبڑھیں گے۔ علی محمد خان نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا میں صرف دو لیڈر ہی نظر آرہے ہیں ایک وزیراعظم عمران خان اور دوسرے ترک صدر طیب اردگان جنہوں نے ختم نبوتۖ کے مسئلے کو پوری دنیا میں اجاگر کیا،

ڈنمارک میں جب گستاخانہ خاکے بنے اور وہاں کے صدر نے اسے ڈیفنڈ کیا تو وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا کے سامنے اس مسئلے پر بات کی جس پر مجبوراً انہیں معافی مانگنی پڑی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کا نقصان پاکستان کو ہو رہا ہے، ہم نے اس ملک کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک اپوزیشن کا تعلق ہے اگر عوام ان کے ساتھ نکل پڑتے تو چاہئے کچھ بھی ہوجاتا یہ رکتے نہیں، لوگوں نے ان کی سکینڈ ٹرم لیڈر شپ کو پذیرائی نہیں دی، بینظیر بھٹو شہید بھی اپنے والد کی سیاست کو لے کر آگے چلی تھیں اور دو بار وزیراعظم منتخب ہوئیں، مریم نواز کو بھی اپنی سیاست بارے سوچنا اور سوچ سمجھ کر بولنا چاہئے،وزیراعظم عمران خان کی سیاست ایمانداری ،اکائونٹبیلٹی اور احتساب پر یقین رکھتی ہے۔