اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت انتہاپسندی پر مبنی دھرنوں سے عوام کو ملنے والی اذیت کا سدباب کررہی ہے۔سیاسی انتہاپسند ن لیگ کی جانب سے کارکنان کو جاتی امرا آنے کی کال دی جارہی ہے۔ عطاتارڑ سستی شہرت کے کیلئے پھر سے ڈرامہ رچانے کی کوشش میں ہیں۔عدالتی حکم کےخلاف حکومت کوئی قدم نہیں اٹھائے گی، جاتی امرا شریف خاندان کی ملکیت ہے تو سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے کی بجائے ملکیت ثابت کریں۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 35سال کسی نے ان سے ناجائز جائیدادوں کے بارے نہیں پوچھا کیونکہ 30سال تک کرپٹ شاہی ٹبر برسر اقتدار رہا لیکن اب نہ صرف ناجائز جائیدادوں بارے میں پوچھا جائے گا بلکہ پائی پائی کا حساب لیاجائےگا۔
انہوں نے کہا کہ بزدارحکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے اور سہولت بازاروں کی شکل میں عوام کو سستی اشیاءخوردونوش فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامی سطح پر کارروائیاں جاری ہیں۔ گذشتہ 6ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزوں کےخلاف 183 کارروائیاں کی گئیں۔ 44 گودام سیل، 17 ایف آئی آرز کا اندراج اور 2,076,500 روپے جرمانہ کیا گیا۔
ذخیرہ اندوزوں سے 47 ہزار 627 چینی کے تھیلے، 3ہزار 69چاول کے تھیلے، 40ہزار 920کلو گرام گھی، 1لاکھ 35ہزار 321لیٹر کوکنگ آئل برآمد کیا گیا،
ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات کا محور و مرکز عام آدمی ہے۔ بزدارحکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔ عوامی وسائل اور حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کریں گے۔