وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تہران نیشنل پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ

74

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو تہران نیشنل پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔چیئرمین پاک۔ایران پارلیمانی فرینڈشپ گروپ احمد امیر آبادی فراھانی نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تہران میں چیئرمین پاکستان، ایران پارلیمانی فرینڈشپ گروپ احمد امیر آبادی فراھانی کے ساتھ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین احمد امیر آبادی فراھانی نے ایران آمد پر وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین یکساں مذہبی ،ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار، گہرے دو طرفہ برادرانہ مراسم ہیں ۔پاکستان، ایران کے ساتھ پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط بڑھانے کیلئے، پہلے سے موجود پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو متحرک اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔