اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو تہران میں ایرانی پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر نیشنل پارلیمنٹ ایران محمد باقر قالیباف کے ساتھ ملاقات کی۔بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔دونوں رہنماوں نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے، عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے سپیکر کو پاکستان اور ایران میں باہمی تعاون وسیع کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے وژن سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں کے مابین، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے سدباب کیلئے تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ حرمت رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کی عوام کے لیے یکساں مفید، تجارتی اور کمرشل سرگرمیوں کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے مشترکہ سرحدی مقامات پر بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت اور دونوں ملکوں کے مابین ” ایشیائی پارلیمانی اسمبلی” سمیت عالمی پارلیمانی فورمز پر اشتراک عمل بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماوں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے سپیکر کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حمایت پر ایرانی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر خارجہ نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی طرف سے محمد باقر قالیباف کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی روابط مزید فروغ پائیں گے ۔سپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے وزیر خارجہ کو صادق سنجرانی کے دوبارہ بطور چیرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔سپیکر ایرانی پارلیمان ، باقر قالیباف، نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔