وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مشہدِ پہنچ گئے

160

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے دورہ ایران کے تیسرے روز جمعرات کو مشہدِ پہنچ گئے۔ مشہد پہنچنے پر ان کا استقبال ڈپٹی گورنر جنرل خراسان نبی ہور نے کیا۔ اس موقع پر ایران میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ وزیر خارجہ ، مشہد میں روضہ حضرت امام رضا پر حاضری دیں گے۔وزیر خارجہ مشہد میں، آستان قدس رضوی کے متولّی، حجۃ الاسلام و المسلمین احمد مروی سے ملاقات کریں گے ۔

اس ملاقات میں ،تحفظ حرمت رسول صل اللہ علیہ والہ وسلم اور اتحاد بین المسلمین کی ضرورت سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیر خارجہ مشہد میں واقع پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کریں گے اور وہاں تعینات پاکستانی سفارت کاروں و دیگر سفارتی عملے سے ملاقات کریں گے۔