ممبئی۔25اپریل (اے پی پی):انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں پیر کو واحد میچ میں پنجاب کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیمیں احمد آباد میں مدمقابل ہوں گی۔ آئی پی ایل کے 14 ویں ایڈیشن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہے۔ پیر کو لیگ کا 21 واں میچ پنجاب کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان نریندرا مودی سٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ پنجاب کنگز کی قیادت لوکیش راہول کر رہے ہیں جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کرس گیل، محمد شامی اور ڈیوڈ میلان شامل ہیں۔
پنجاب نے پانچ میچ کھیل کر دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز ایون مورگن کی قیادت میں میدان میں اترے گی اور اسے پیٹ کمنز، سنیل نرائن، اینڈرے رسل اور شکیب الحسن کی خدمات حاصل ہیں۔ کولکتہ نے پانچ میچ کھیل کر صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ دو پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری میں ہے