حکومتی محکموں کی ڈیجیٹائزیشن سے محصولات میں ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں مددملے گی اور شفافیت کو فروغ ملےگا، وزیرخزانہ شوکت ترین کا اجلاس سے خطاب

55

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومتی محکموں کی ڈیجیٹائزیشن سے نہ صرف محصولات میں ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں مددملیگی بلکہ اس سے شفافیت کو فروغ ملیگا اورکاروبارمیں آسانیاں فراہم ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان سنگل ونڈو کے حوالہ سے قایم سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود بھی اس موقع پرموجود تھے۔ایف بی آر کے ممبرکسٹمزنے وزیزخزانہ کوپاکستان سنگل ونڈوکے نفاذ کے پہلے مرحلہ میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔پاکستان سنگل ونڈو کے پراجیکٹ ڈائریکٹرنے پاکستان سنگل ونڈوکو بڑے بینکوں، نادرا اوردیگرمتعلقہ بینکوں سے مربرط کرنے کیلئے کئے جانیوالے کوششوں پرروشنی ڈالی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ اہداف کے حصول میں نظام الاوقات کوکلیدی اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے ایف بی آر اورمتعلقہ حکومتی محکموں کواس اہم منصوب کوبروقت مکمل کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی اورکہاکہ اس منصوبہ سے درآمدات اوربرآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے میں مددملیگی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ یہ تاریخی اصلاحات ہے، اس سے کارگوکلئیرنس اورمنسلکہ طریقہ ہائے کارکو مرکزی دھارے میں لایا جائیگا جس سے تجارت اورسرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول کی فراہمی میں مددملیگی۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومتی محکموں کی ڈیجیٹائزیشن سے نہ صرف انڈرویلیوایشن اورمس ڈکلئیریشن کے نتیجہ میں محصولات میں ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں مددملیگی بلکہ اس سے شفافیت کو فروغ ملیگا اورکاروبارمیں میں آسانیاں فراہم ہوگی۔