وزیر خزانہ شوکت ترین سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

49

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ای اے) کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ جمعہ کو یہاں ہونے والی اس ملاقات کے دوران وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فنانس و ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود بھی موجود تھے۔ وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ خرم مختار نے کووڈ۔19 کی وبا کے دوران کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے کئے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی طور پر ایف بی آر کے ریفنڈز کی ادائیگی کے مکمل کمپیوٹرائزڈ نظام کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کی سہولیات کی مسلسل فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروباری و تجارتی برادری کے ساتھ مضبوط اشتراک کار پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے پائیدار اور مسلسل اضافہ کی شرح کو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پی ای اے کے وفد کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔