اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو وزیر اعظم کے سستے ہاؤسنگ پروگرام کے تحت رہائشی منصوبے پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر مملکت فرخ حبیب کی زیر صدارت وزیر اعظم کے سستے ہاؤسنگ پروگرام کے تحت فیصل آباد میں رہائشی منصوبے کا جائزہ لینے کے لئےاجلاس منعقد ہوا۔چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر نے اجلاس کی شریک صدارت کی۔اس اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
فرخ حبیب نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ فیصل آباد میں ہاؤسنگ منصوبے کے جلد آغاز کے لیے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مکمل تعاون فراہم کرے انہوں نے اس منصوبے کی ابتدائی تفصیلات کا مزید جائزہ بھی لیا۔وزیر مملکت نے حکام کو منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے کوششیں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے سے فیصل آباد میں رہائش کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا ۔