اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے،دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام، اعتماد، مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استور ہیں،پارلیمان سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ان خیالات کا ظہار انہوں نے بدھ کوچین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے،پاکستان اور چین کے مابین مفرد نوعیت کے دوستانہ تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہے،
دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام، اعتماد، مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استور ہیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں،چین اور پاکستان علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں،دونوں دوست ممالک نے ہمیشہ علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے،اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دوست ملک چین کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے،چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) اور ون بیلٹ ون روڈ کا اقدام پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہیں، انہوں نے کہاکہ پارلیمان سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،پارلیمان کے زیر سرپرستی تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سی پیک کی تکمیل کے مرحلے کو تیز کرنے کے لیے سیمینار منعقد کیے جار ہے ہیں،ان سیمیناروں میں سی پیک سے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے سی پیک کی افادیت میں گراں قدر اضافہ ہو گا،
رشکئی اکنامک زون سے پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا، اسد قیصر نے کہاکہ رشکئی اکنامک زون منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا،دونوں ممالک کی پارلیمان کے مابین رابطوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے،پاکستان کورونا وباء کی روک تھام کے لیے ویکسین کی بروقت فراہمی پر دوست ملک چین کا شکر گزار ہے،
پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ نے کہاکہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی مثالی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ دوستی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے، انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان ایک دوسرے ہر دکھ سکھ کے دوست ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت مین ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، چین پاکستان کے ساتھ متفرق شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔