اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے کی مبینہ لاگت میں اضافے کی انکوائری کی ہدایت کی، انکوائری رپورٹ نہ صرف عوام کے سامنے لائی جائے گی بلکہ ذمہ داروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اونگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملکی تاریخ میں پہلی بار انکوائری رپورٹس کو عوام کے سامنے لائی تاہم انہوں نے کہا کہ ماضی میں شریف برادران کے دوران حکومت میں عوام سے چھپانے کیلئے اس قسم کی رپورٹوں کو جلا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے دور حکومت میں لوٹ مار کرنے والے اور بدعنوان عناصر کو تعاون اور مدد فراہم کی گئی، سب سے زیادہ لوٹ مار کرنے والے کو شریفوں نے خصوصی عزت دی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیانات جاری کر کے اہمیت حاصل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔