راولپنڈی ۔17مئی (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر انڈرولا کمینارا نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان یورپی یونین کے ساتھ کثیر جہتی باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ یورپی یونین کی سفیر نے خطے خصوصاً افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔