بلاول کی باتیں چور مچائے شور کے مترادف ہیں، سندھ حکومت کی مافیاز کی سرپرستی کی وجہ سے آٹا سمیت اشیا خوردونوش کی قیمتیں سب سے زیادہ ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل

70

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول کی باتیں چور مچائے شور کے مترادف ہیں، سندھ حکومت کی مافیاز کی سرپرستی کی وجہ سے آٹا سمیت اشیا خوردونوش کی قیمتیں سب سے زیادہ ہے،سندھ لاقانونیت کا گڑھ،اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، آج بھی سندھ میں بہت تگ و دو کے بعد آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1300 روپے بک رہا ہے۔

منگل کو بلاول بھٹو کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ غربت ہے، بتایا جائے سندھ میں مسلسل تیسری مرتبہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں ہے، انہوں نے غربت کے خاتمے کے لئے کیا کیا؟ سندھ میں آج بھی ہیپاٹائٹس ، خوراک کی قلت کے باعث بچوں کی نشوونما کم ہونے سے بچوں کی اموات سب سے زیادہ ہیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نے حکومت سنبھالنے کے بعد معاشی بدحال صورتحال کا سہارا دیا، آج ملک میں کوویڈ 19 کی تیسری لہرکے باوجود ملک معاشی طور پر مستحکم ہے، آج ملک کی مجموعی قوم پیداوار، برآمدات،ترسیلات زد، زرمبادلہ کے ذخائر، صنعتوں سمیت تمام شعبے ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ 26.2فیصد اضافے کے ساتھ 24.2 بلین ڈالر، صرف ایک ماہ اپریل میں برآمدات میں 130فیصد اضافے کے ساتھ2.2بلین ڈالر، روپے کی قدر مستحکم ہونا،یورو بانڈ کا کامیاب اجراء ہوا جس سے 2.5بلین ڈالر حاصل ہوئے،بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ڈیپازٹ 1 ارب ڈالر سے زائد جمع ہونا کامیاب معاشی حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو 1100ارب اضافی دیئے گئے جن میں سے گندم کے کاشتکاروں کو 500 اضافی ملے ہیں، اسی لئے چاول ،گندم اور دیگر اجناس کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، تعمیرات، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں بلخصوص بیرون ممالک پاکستانیوں کے لئے نوکریوں کے میرٹ پر بے شمار مواقع فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نوکریاں فروخت کرکےاداروں پر اضافی بوجھ ڈالا جس کا خمیازہ آج بھی ہم بھگت رہے ہیں۔