اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی اہم ترجیحات میں آبی ذخائر کی تعمیر اور پن بجلی کے منصوبہ شامل ہیں،مہمند ڈیم منصوبہ مکمل ہونے سے800 میگاواٹ پن بجلی ، 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا جس سے 17 ہزار ایکڑ زمین قابل کاشت ہوسکے گی،اس منصوبہ پر کام ستمبر 2019میں شروع ہوا جو کہ نومبر 2025 میں مکمل ہوگا۔ بدھ کو وزیراعظم کے دورہ مہمند ڈیم کے حوالے اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم سایٹ کادورہ کیا وہاں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔
فرخ حبیب نے بتایا کہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ ، دیامر بھاشا، داسو ہائیڈرو پاور ،کرم تنگی ڈیم ملٹی پرپز ، تربیلا ففتھ توسیعی، برپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ،سندھ بیراج پراجیکٹ، گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (K-4 )، کچی کینال پراجیکٹ اور نئی گنجی پراجیکٹ مکمل ہونے سےمجموعی طور پر ایک کروڑ 29 لاکھ ایکٹر فٹ پانی ذخیرہ ، 9ہزار میگا واٹ پن بجلی کی پیداوار ،91ہزار 917ایکٹر اضافی زمینیں سیراب اور 35ہزار سے زائد نئی نوکریوں کے مواقعے پیدا ہونگے ۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ شاہی بالا ریگی للمہ میں لیبر کمپلیکس فیز 1 مکمل ہوچکا ہے، حکومت نے ایک اور وعدے کی تکمیل کردی ہے، 5.09 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 2056 اپارٹمنٹس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے کیا۔