لیہ۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز کی فراہمی کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے ،پنجاب کے عوام کے لئےانصاف صحت کارڈ کا اجراکیا جارہا ہے، صحت کارڈ بلاتفریق جاری کئے جائیں گے ،ماضی کی حکومتوں نے اس علاقے کو نظر انداز کیا اور عوام کو خالی خواب دکھائے ، ہمارا لیڈرذہین ، محنتی اور ملک وقوم کا وفادار ہے اور اس کے اندر غریبوں کا دکھ ہے جنہوں نے معاشرے کے غریب لوگوں کے لئے پناہ گاہیں اور لنگر خانے بنائے ۔
شہباز شریف پنجاب سپیڈ نہیں کرپشن سپیڈ ثابت ہوئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیہ اور جنوبی پنجاب کو ہمیشہ پنجاب کی سیاست میں بیچا گیا، یہاں پر خواب دکھائےاور بیچے گئے، اپوزیشن راہنما جنوبی پنجاب سے محض ہمدردی کا اظہار کرتے رہے مگر اپنے دور حکومت میں عوام کے لئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔اس علاقے کے لئے35 فیصد بجٹ مختص ہوتا تھا اور جب خرچ کیا جاتا تھا تووہ 15فیصدسے17 فیصد کے درمیان ختم ہو جاتا تھا۔پچھلے ادوار کے آخری 7 سال میں جنوبی پنجاب کا 265ارب روپیہ جو یہاں کا حق تھا، وہ یہاں سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا تاکہ منی لانڈرنگ کی جاسکے۔
انہوں نے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 5سالہ دور میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے لیہ کو 1.6ارب روپے کے منصوبے دیئے ، بعدازاں سابق وزیراعلیٰ پنجاب جو خود کو پنجاب سپیڈ کا نام دیتے تھے لیکن انہوں نے ترقی کی بجائے کرپشن کی سپیڈ تیز کی۔ شہباز شریف بڑی باتیں کرتے تھے کہ انہوں نے یہ کیا اور وہ کیا۔انہوں نے اپنے آخری 5 سال میں لیہ کے لئے 1.7 ارب روپے دیئے اور کہا کہ ہم نے بڑا کام کیا اوراب یہ کہا جا رہا ہے کہ موجودہ حکومت کچھ نہیں کررہی ۔
درحقیقت سابقہ حکومتوں نے جنوبی پنجاب کو ترقی کے صرف خواب دکھائے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں عملی اقدامات ہوں گے ۔اللہ کا شکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لیہ کے لئے دو بڑے منصوبوں کا اعلان کیا ہے ۔یہ ملکی تاریخ کے بڑے منصوبوں میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب یہاں کے عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجراکیا جارہا ہے جو بلاتفریق جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پورے ڈی جی خان ڈویژن کو بدھ سے ہیلتھ کارڈ کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔
پنجاب بھر میں شہریوں کو ہیلتھ کارڈ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے علاقہ کے لئے فنڈز کے اعلان ہوئے لیکن اس کے باوجود کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح انٹرنیٹ نے ترقی کی اسی طرح ہیلتھ کارڈ بھی پورے ملک کی تقدیر بدل دے گا۔یہ گلہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں پورا علاج نہیں ہوتا، دوائیاں باہر سے خریدنی پڑتی ہیں ۔اب ہیلتھ کارڈ اس تصور کو بدل دے گا اور ہرشہری کا بہترین علاج اپنے ہی علاقے کے ہسپتالوں میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں عوام کا علاج ہوگاوہاں اپوزیشن کے لوگوں کا بھی یہیں پر علاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ نواز شریف بیرون ملک محفوظ نہیں ، مضحکہ خیز ہے۔ یہ لوگ عوام سے جھوٹ بولنا بند کردیں ۔انہوں نے کہ کہ اللہ کا شکر ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملک کی معیشت بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 70 سال سے بگڑا ہوا نظام ایک دم ٹھیک نہیں ہوسکتا لیکن ہم بہتری کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔
ہمارا لیڈرذہین ، محنتی اور ملک و قوم سے وفادار ہے اور اس کے اندر غریبوں کا دکھ ہے۔جس نے معاشرے کے غریب لوگوں کے لئے پناہ گاہیں ، لنگر خانے بنائے ، جنہوں نے خود تین دفعہ اس علاقے کا دورہ کیا ، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ سچ روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معیشت بہتر ہوئی ہے،ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اورتعمیرات کا شعبہ ترقی کررہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد ملک کو عمران خان کی شکل میں بڑا سیاستدان ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی اپوزیشن کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کس سیاستدان نے اپنے لئے ذاتی مہنگے فلیٹ بنائے اور کس سیاستدان نے غریبوں کو چھت مہیا کی اور ان کے لئے سستے مکانات بنائے، یہ عوام کے سامنے واضح ہے۔
انہوں نے لیہ کے عوام سے گزارش کی کہ وہ اپنے لیڈر پر بھروسہ رکھیں،مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے لیہ کی صحافی برادری کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں گے اور یہاں کے پریس کلب کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے وزارت اطلاعات سے بات کی جائے گی۔
لیہ کے صحافیوں کا وفد لاہور اور اسلام آباد بھی بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں۔لیہ اور دیگر شہروں کے لئے ہیلتھ کارڈکے علاوہ سڑکوں کی تعمیر اور تعلیمی منصوبوں بھی پر بھی کام ہو رہا ہے جبکہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرکے لوٹ کھسوٹ کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جاری منصوبوں کو نہیں روکا کیونکہ پراجیکٹ پر لگنے والا پیسہ عوام کا ہوتا ہے جسے جاری رکھا جانا چاہئے۔عوام پر کوئی احسان نہیں کیا جارہا موجودہ حکومت ان کی فلاح بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبے مکمل کررہی ہے۔