صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو سندھ میں صحت کا نظام سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، ویکسینیشن کے باوجود معاذ زندگی کی بازی کیسے ہار گیا۔خرم شیر زمان

66
صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو سندھ میں صحت کا نظام سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، ویکسینیشن کے باوجود معاذ زندگی کی بازی کیسے ہار گیا۔خرم شیر زمان

کراچی۔27مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان بلدیہ ٹائون میں کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والے 8 سالہ بچے معاذ کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے تعزیت کی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو سندھ میں صحت کا نظام سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، وزیر صحت جواب دیں کہ ویکسینیشن کے باوجود معاذ زندگی کی بازی کیسے ہار گیا، صوبہ سندھ کا کوئی علاقہ کتوں سے خالی نہیں ہے، کب تک سندھ میں کتے بچوں کو کاٹتے رہیں گے ؟

اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما سمیر میر شیخ، فراز لاکھانی، سربلند خان، اسد امان، انجینئر عبد الرحمان اور دیگر موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہاکہ صوبہ سندھ میں ہر طرف کتوں کا راج ہے، کتے کے کاٹنے سے معاذ انتقال کر گیا،کل کو یہ ہمارے بچوں کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے ، یہ سب کب تک چلتا رہے گا، کیا یہ لوگ نوکری پر نہ جائیں گھروں میں بیٹھ کر بچوں کو کتوں سے بچاتے رہیں ؟ معاذ کو ویکسینیشن بھی ہوئی اسکے باوجود یہ حادثہ کیوں ہوا ، اس کتے نے صوبے کے حکمرانوں کو کیوں نہیں کاٹا،ہم نے اس معاملے پر سندھ اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی تھی،

ویکسینیشن کے باوجود کتے کے کاٹنے سے بچوں کی اموات ہو رہی ہیں ۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبہ سندھ میں حالات بہت خراب ہیں، صوبے میں لوگوں کی چیخیں نکل رہی ہیں، سندھ میں نا اہل اور نالائق حکومت برسراقتدار ہے ، معاذ کا والد پی ٹی آئی ورکر ہے،

کچھ عرصہ قبل این اے 249 کا ضمنی الیکشن ہوا تھا،29 تاریخ کو پی ٹی آئی کے لیے معاذ کے والد پولنگ ایجنٹ کے طور پر ڈیوٹی کر رہے تھے، معاذ کا والد ڈیوٹی پر تھا جب معاذ کو کتے نے کاٹا تھا۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ لاڑکانہ میں بوڑھی عورت پر کتوں نے حملہ کیا،کتوں کے حوالے سے دو دن پہلے اسمبلی میں یہ مسئلہ اٹھایا لیکن سندھ کے وزراء کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی،

پیپلز پارٹی جب تک اقتدار میں رہے گی یہ سب ہوتا رہے گا، بلاول زرداری صوبہ سندھ سے کتوں کا خاتمہ نہیں کر سکتے وہ ملک کیا سنبھالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو اٹھارویں ترمیم سے کوئی فائدہ نہیں ہوا، خیبر پختونخواہ کے عوام صحت کارڈ سے مستفید ہورہے ہیں، سندھ حکومت بتائے کہ ہیلتھ کارڈ کیوں جاری نہیں کرنے دیا؟ ریبیز کے ویکسین سندھ کے اسپتالوں میں نہیں ہے،

اٹھارویں ترمیم کے باوجووفاقی حکومت نے ویکسین دی ہے،وزیر عذرا پیچوہو صحت کا نظام سنبھالنے میں ناکام ہو گئی ہیں، عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔خرم شیرزمان نے کہا کہ معاذ کیس کی پوری تحقیقات کرائی جائیں، ہم کتوں کے معاملے پر آواز اٹھاتے رہیں گے،

صوبے میں عوام کو پینے کا پانی تک فراہم نہیں کیا گیا، بلاول زرداری دوسروں پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، صوبے میں ہر طرف کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے، ہمارا مراد علی شاہ سے مطالبہ ہے کہ سندھ سے کتوں کا خاتمہ کریں۔