وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی ویڈیو لنک پر وزیر خزانہ شوکت فیاض احمد ترین سے ملاقات

77
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی ویڈیو لنک پر وزیر خزانہ شوکت فیاض احمد ترین سے ملاقات

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ویڈیو لنک پر وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی۔ اجلاس کا ایجنڈا آئندہ فنانس بل میں کھیلوں سے متعلق اشیاء پر درآمدی محصولات میں ریلیف تھا۔

اجلاس میں سیکرٹری آئی پی سی اور ڈی جی پی ایس بی بھی موجود تھے۔گذشتہ روز جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ چونکہ اس سال معیشت بہتر پوزیشن میں ہے ہم کھیلوں کو فروخ دینا چاہتے ہیں کیونکہ ہم سیف گیمز اور آئندہ اولمپکس کی تیاری کر رہے ہیں اور ہمیں اس کے لئے مالی مدد کی ضرورت ہے۔ اورہم چاہتے ہیں کہ اس فنانس بل میں حکومت کھیلوں کے سامان جیسے ہاکی ٹرف ، ایتھلیٹک ٹریک ، اسکواش گلاس کورٹ کی درآمد پر محصولات کو کم کرے۔ اور کچھ مخصوص کھیلوں کو محصولات سے چھوٹ دی جائے۔

دنیا بھر کے ممالک کھیلوں میں اپنے ٹیکس کا ایک حصہ لگاتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت کھیلوں کے فنڈ میں ٹیکس کا ایک حصہ دینے کے لئے ایسا نظام واضع کرے جس سے قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مدد ہو۔ چونکہ قومی ٹیمیں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں وفاقی حکومت کو ان کی سرپرستی کرنا چاہئے۔ ہم کھلاڑیوں کا ایلیٹ پول تیار کررہے ہیں جن کو وفاقی حکومت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لئے ان کی مدد اور فنڈ مہیا کرے۔ وفاقی وزیر نے سی ایس آر (کارپوریٹ سماجی ذمہ داری) میں کھیلوں کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کاروباری برادری نے کھیلوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں بھی ہماری کاروباری برادری کی نمائندگی ہے۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو کھیلوں اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی ترقی میں آئی پی سی اور پی ایس بی کی مکمل حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی بہتر سہولیات کا فقدان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کھیل وقت گزارنے کا ایک صحتمند طریقہ ہے۔ آئی پی سی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے فنڈ کا ایک ایسا نظام ہونا چاہئے جو آئندہ بھی پائیدار رہے۔

وزیر خزانہ نے ان کے خیال کی تائید کی اور آنے والے فنانس بل میں کھیلوں کو اہمیت دینے کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی مثبت میٹنگ رہی ہے اور ہم توقع کر رہے ہیں کہ اس فنانس بل میں کھیلوں کو فنانس منسٹری سے بہتر تعاون حاصل ہوگا۔