پاکستان میں صحافیوں پر حملے کا حکومت نے سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے ، ڈاکٹر شیریں مزاری

55
پاکستان میں صحافیوں پر حملے کا حکومت نے سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے ، ڈاکٹر شیریں مزاری

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے پاکستان میں صحافیوں پر حملے کا ہماری حکومت نے سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور پولیس سے درج شدہ ایف آئی آرز کی مکمل تفتیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں ایک مضبوط جرنلسٹ اینڈ میڈیا پروفیشنل پروٹیکشن بل پیش کیا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کو بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں صحافیوں پر بھارتی حکومت کے حملوں کی بھی مذمت کرنا چاہئے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ اگر اس بیان کی ساکھ حاصل کرنا ہے تو پھر ہمیں امریکی حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں اس کا اطلاق دیکھنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم یہ بھی توقع کرتے ہیں کہ امریکی حکومت مقبوضہ فلسطین میں نسل پرست اسرائیلی ریاست کی جانب سے میڈیا عمارت پر ہونے والی بمباری کی کارروائی کی مذمت کرے گی اور پوری صحافی برادری پر ہونے والے اس حملے کے ذمہ داروں کو سزا دینے کے ساتھ ساتھ انفرادی صحافیوں پر حملے کے ذمہ داروں کو بھی سزا دینے کا مطالبہ کرے گی۔