اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری انسداد منشیات اکبر درانی کی زیر صدارت منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لئے قومی فنڈ کے بارے میں انٹرنل سب کمیٹی کا اجلاس وزارت انسداد منشیات میں منعقد ہوا۔ جمعرات کو وزارت انسداد منشیات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس اور وزارت انسداد منشیات کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اکبر درانی نے منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے گاڑیوں کی سکیننگ سمیت جدید آلات کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے شعبہ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ منشیات کی لعنت کے خلاف نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل اڈیکشن ٹریٹمنٹ اور ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے انڈوومنٹ فنڈ اکاﺅنٹ کھولنے کے لئے فائنانس ڈویژن سے رجوع کرنا چاہئے۔ اکبر درانی نے کہا کہ ان مراکز میں ہمارے پاس مناسب ادویات اور ضروری آلات ہونے چاہئیں۔
مزید برآں یہ فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کی لعنت کے خلاف مہم کو صوبائی سطح پر پھیلانا چاہئے تاکہ مہم کے بہتر نتائج سامنے آ سکیں۔ اجلاس معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے حوالے سے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کے عہد کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔