بلاول صاحب آپ کی معاشی امور سے متعلق باتیں "ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا” کے مترادف ہیں،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل

105

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول صاحب آپ کی معاشی امور سے متعلق باتیں "ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا” کے مترادف ہیں،بلاول صاحب آپ کو معاشی امور کے بارے میں بالکل بھی علم نہیں ہوتا تو اس پر تبصروں سے گریز کریں، ٹڈی دل کےحملے،بھارت کے ساتھ سرحدوں پر تناؤ، پی ڈی ایم کی بلیک میلنگ، عدم اعتماد، استعفوں کی سیاست ، ایف اے ٹی ایف پر بلیک میلنگ چیلنجز کے باوجود عمران خان نے کمٹمنٹ کے ساتھ ملک کی گروتھ کو کریڈٹ کارڈ سے باہر نکل کر مستقل معیشت دی۔

جمعرات کو بلاول زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مالی سال مکمل ہونے پربھارت کی گروتھ منفی 8فیصد،برطانیہ کی گروتھ منفی9.9، بنگلہ دیش 1.6فیصد،ترکی 1.8 پر ہے جبکہ پاکستان کی گروتھ 4فیصدپر ہے۔ انہوں نے کہا کہ18 ویں ترمیم کے بعد اشیاء کی قیمتوں پر عملدرآمد صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، بلاول یہ بتائیں کہ سندھ میں مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے لئے کتنے ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کی ،بلاول بتائے سندھ میں صنعتوں کو پروان چڑھانے کے لیے نئے صنعتی زون کیوں قائم نہیں کررہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آج بھی 500 سے زائد افسران نیب میں پلی بارگین کے باوجود سندھ حکومت کی چھتری تلے دیہاڑیاں لگا رہے ہیں، گزشتہ 10 سالوں میں بجلی اور گیس کے شعبے میں ہونے والی کرپشن کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں بجلی کے مہنگے معاہدوں کے باعث 2023 تک حکومت کو1500ارب کے کیپسٹی چارجز ادا کرنے پڑیں گے ،مؤثر زرعی پالیسوں کی بدولت رواں برس ملک میں گندم کی 27.3ملین ٹن ریکارڈ پیدوار ہوئی ہے،کسان کے پاس اس سال 1100 ارب روپیہ اضافی جائے گا جس میں سے گندم کے کاشتکار کو 500 ارب روپیہ اضافی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ جولائی تا اپریل سرپلس ایک بلین ڈالر، ایکسپورٹس میں13.5%اضافہ،زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 23بلین ڈالر، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ1 بلین ڈالرتک پہنچ گیا،ترسیلات ذر ریکارڈ 24بلین ڈالر، یورو بانڈز 2.5بلین ڈالراورایل ایس ایم 9% اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحت اور تعلیم کے لئے مجموعی بجٹ کا 35فیصد تقریبا420ارب روپے مختص کیا گیا جو کہ کرپشن کی نذر ہوگئے۔