ماحول کی بہتری بالخصوص آبی ماحول کی بہتری کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

107

کراچی۔5جون (اے پی پی):عالمی یوم ماحولیات ہر سال اقوام متحدہ کے زیر تحت صحت مند اور سرسبز ماحول کی اہمیت کے بارے میں آگاہی اجاگر کرنے کے لئے منایا جاتا ہے، اس کا مقصد ایسے ماحولیاتی اقدامات کو اجاگر کرنا ہے جن کے ذریعے موجودہ اور بالخصوص آئندہ نسلوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔اس سال ماحول کے عالمی دن کا موضوع ” ماحولیاتی نظام کی بحالی” ہے جس کے لئے پوری انسانیت فکرمند ہے۔ ماحولیاتی نظام کی بحالی سے مراد یہ ہے کہ پہاڑوں کی چوٹیوں سے لے کر سمندروں کی تہہ تک پائے جانے والے پودوں اور جانوروں کو معدومیت کے دہانے سے واپس لایا جائے۔ اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کے ماحولیاتی نظام کی بحالی ایک مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے جس کے لئے بڑے پیمانے پر جدوجہد کی ضرورت ہے۔

پاک بحریہ ماحول کا عالمی دن تسلسل کے ساتھ مناتی ہے تاکہ ماحولیاتی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ لوگوں میں بالخصوص آبی ماحول کے حوالے سے آگہی کو فرو غ دیا جاسکے۔ اس سال کورونا وائرس کی وباء کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ایسی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا گیا جن میں زیادہ افراد کی شرکت ہوتاہم اپنے پختہ عزم کے اظہار کے ساتھ ماحولیا ت کے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے لئے ذرائع ابلاغ کو بھرپورطریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔پاک بحریہ کے اہلکاروں کی جانب سے ہاربر کی صفائی کے علاوہ پاک بحریہ کے یونٹس اور رہائشی علاقوں میں ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لئے اقدامات کے حوالے سے پوسٹر اور بینرز آویزاں کئے گئے اور کتابچے تقسیم کئے گئے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرزکے زیر اہتمام آبی ماحول کے تحفظ اور بحالی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے ایک سیمینار، ویبینار کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ آگاہی مہم کے علاوہ پاک بحریہ کے زیر اہتمام مینگرووز اور شجرکاری کی مہمات پہلے سے جاری ہیں جن کے تحت ساحلی علاقوں میں 70 لاکھ سے زیادہ مینگرووز اور ملک کے دیگر حصوں میں 20 لاکھ سے زائد پودے حکومت کے ” درخت اگائو پاکستان کے لئے ” نظریے کے مطابق کاشت کئے گئے ہیں۔

پاک بحریہ محفوظ بحری ماحول اور اور صاف ستھرے سمندروں کے لئے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔ امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ماحول کی بہتری بالخصوص آبی ماحول کی بہتری کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی زیر قیادت پاک بحریہ کے تمام افسروں اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ اس سمت میں اپنی کوششوں کو ہمہ وقت جاری رکھیں۔