صدرممنون حسین کا پاکستان ایجوکیشن سینٹر میں طلبہ سے خطاب

142
APP41-23 DOHA: October 23 - President Mamnoon Hussain addressing the students of Pakistan Education Center in Doha. APP

دوحہ ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت 3400 کلومیٹر نئی شاہراہیں تعمیر ہوں گی،چاروں صوبے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اس سے یکساں مفید ہوں گے اور ہزاروں کی تعداد میں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس کوریڈور کے اصل منصوبے میں کسی قسم کا کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ ادوار میں ناقص حکمرانی کی ایک مثال 2008ءمیں ملکی قرضوں کا حجم 6700 ارب سے بڑھ کا 2013ءمیں 14800 ارب تک پہنچ جانا ہے جبکہ انفراسٹرکچر کا کوئی بڑا منصوبہ بھی اس دور شروع نہیں کیا گیا۔ اندرون و بیرون ملک پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور سمارٹ فون جیسی جدید ٹیکنالوجیز اور جدید تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ اس کا مثبت استعمال انفرادی اور اجتماعی طور پر ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ قطر میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر انتظام پاکستان ایجوکیشن سینٹر میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ انٹرنیٹ کی ایجاد نے اس دنیا کو تبدیل کر دیا ہے تاہم صدر مملکت نے ان ٹیکنالوجیز کے منفی استعمال کے حوالہ سے خبردار کیا اور کہا کہ میں مشورہ دیتا ہوں کہ آپ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے ان ٹیکنالوجیز کے بارے میں علم حاصل کریں۔