وفاقی وزیربرائے ریلوے اعظم سواتی گھوٹکی کے قریب جائے حادثہ پر پہنچ گئے، رپورٹ آنے کے بعد حادثہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی،اعظم سواتی

66
وفاقی وزیربرائے ریلوے اعظم سواتی گھوٹکی کے قریب جائے حادثہ پر پہنچ گئے، رپورٹ آنے کے بعد حادثہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی،اعظم سواتی

سکھر۔7جون (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے ریلوے اعظم سواتی گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، تحصیل اسپتال اوباڑو میں زخمیوں کی عیادت اور جاں بحق مسافروں کے لئے دعا کی۔

پیرکی دوپہروفاقی وزیربرائے ریلوے اعظم خان سواتی گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثہ جائے وقوعہ پر پہنچے،انہوں نے جائے حادثہ پرصورتحال کا جائزہ لیا۔ڈی ایس ریلوے سکھرطارق لطیف نے انہیں حادثہ کے بارے میں ابتدائی صورتحال بارے بریفنگ دی۔جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد وہ تحصیل اسپتال اوباڑو پہنچے جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت اور جاں بحق مسافروں کے لئے دعا کی۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ میں سب سے پہلے پاک آرمی ، پولیس ، لوکل ایڈمنسٹریشن اور عام لوگوں سمیت تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی یہاں پہنچے اور امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا حادثہ ہے جس کوبیان کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں۔حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیاہے، رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی حقائق معلوم ہوسکیں گے۔اس بات سے انکارنہیں کہ ریلوے کے حکام اور ریلوے اس حادثے کے ذمہ دار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کا ٹریک ٹوٹا ہوا ہے، ٹریک کی حالت اچھی نہیں، میں خود اس صورتحال کو مانیٹرنگ کررہاہوں،قیمتی انسانی جانوں کے ضیائع پربہت افسوس اور دلی صدمہ پہنچا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد حادثہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی۔ آج اوباڑو میں آیا ،یہاں سے رحیم یارخان جاوں گا ،زخمیوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے مزدوروں کا شکرگزار ہوں جو اس انتہائی سخت دھوپ میں کام کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیرنے کہا کہ اس وقت بھی کئی مسافربوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لئے احتیاط سے آپریشن کر رہے ہیں، کیوں کہ ایک ایک جان قیمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اسپتالوں میں 80 زخمی موجودہیں۔مقامی صنعتی اداروں کا شکر یہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بے یارومددگار مسافروں کی مددکی اور انہیں کھانا فراہم کیا ہے۔