این سی اوسی نے تمام سرکاری ملازمین کے لیے 30جون تک ویکسی نیشن کرانا لازمی قرار دیدیا،۔11جون سے 18سال سے زائد عمر کے افراد واک ان ویکسی نیشن کراسکیں گے ،15جون سے کاروباری بندش 1دن کر دی جائے گی

90
بیس ممالک کے سفارتکاروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے افسران کا این سی او سی کا دورہ، کورونا وبا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):این سی اوسی نے تمام سرکاری ملازمین کے لیے 30جون تک ویکسی نیشن کرانا لازمی قرار دیدیا ۔11جون سے 18سال سے زائد عمر کے افراد واک ان ویکسی نیشن کراسکیں گے ،15جون سے کاروباری بندش 1دن کر دی جائے گی ۔سینما ہالز بند رہیں گے جبکہ ویکسی نیشن کرانیوالے ممبران کو جم میں جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔

بدھ کے روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی ) کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوآرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمو دالزمان خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ویکسی نیشن مرحلہ اور کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ ملک بھر میں ویکسی نیشن مہم کو تین طریقوں کی حکمت عملی سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

تمام شہریوں کو رضا کارانہ طور پر ویکسین لگوانے کی اپیل کی جائے گی جبکہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کے تمام ملازمین کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔اس حوالے سے تمام سرکاری ملازمین کو 30جون تک اپنی ویکسی نیشن لازمی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تیسری حکمت عملی کے تحت این سی اوسی مختلف سیکٹرز کو ویکسی نیشن کیلئے حوصلہ افزائی کے بدلے مختلف مراعات دینے کی حکمت عملی پر غور کررہی ہے ۔

این سی اوسی نے کہا ہے کہ11جون سے اتوار کے علاوہ تمام ویکسی نیشن مراکز صبح 8سے رات 10بجے تک کھلے رہیں گے ،ویکسی نیشن مراکز اب اتوار کی بجائے جمعہ کو کھلے رہیں گے ۔11جون سے 18سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے واک ان ویکسی نیشن شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ این سی اوسی آئی ٹی بیسڈ سولیوشن تیار کرنے کے مرحلے میں ہے جو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرے گا جو جون کے آخر تک تیار کر لیا جائے گا ۔

این سی اوسی نے 15جون سے پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے ، 15جون سے دو دن کاروبارکی بندش کو کم کر کے ایک دن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم کس دن کاروبار بند رہے گا اس کا فیصلہ وفاقی اکائیاں خود کریں گی ۔انڈور جم کھول دیے جائیں گے تاہم ویکسی نیشن کرانے والے جم ممبران کو ہی جم میں آنے کی اجازت ہوگی ۔

کھیلوں کی سرگرمیوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے تاہم کراٹے ،باکسنگ ، ایم ایم اے ، رگبی ، کبڈی ،ریسلنگ اور واٹر پولو کی اجازت نہیں ہوگی ۔ فیسٹیول ، کلچرل اور دیگر ایونٹس پر پابندی جاری رہے گی ۔ملک بھر کے مزارات بند رہیں گے ۔ 15جون سے ورک فراہم ہوم کی پالیسی ختم کرتے ہوئے دفاتر میں 100فیصد ملازمین کی حاضری کی اجازت دیدی گئی ہے ۔

ہفتہ میں 2دن بین الصوبائی ٹرانسپور ٹ پابندی ختم کر دی جائے گی جو 70فیصد سواریوں کی صلاحیت کے ساتھ سفر کر سکیں گے ۔ تفریحی مقامات، تعلیمی شعبے ،ماسک پہننے کے ایس او پیز ،ریلوے اور اندرون ملک مسافروں کی پالیسی کے بارے میں این سی اوسی پہلے اعلان کر چکی ہے جو نئے فیصلوں تک برقرار رہیں گے ۔