پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران چینی ، گندم ، آٹا، پٹرول ،خوردنی تیل سمیت مختلف اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ کے مقابلے میں بہت کم رہا، ذرائع وزارت خزانہ

112
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے ،ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے تک کمی کر دی گئی

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران چینی ، گندم ، آٹا، پٹرول ،خوردنی تیل سمیت مختلف اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ کے مقابلے میں بہت کم رہا۔

پاکستان میں ایک سال کے دوران چینی کی قیمت میں 19.70 فیصد جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں 58.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 33 فیصد جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 119.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان میں بناسپتی گھی کی قیمت میں 52.58 فیصد اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 20.65 فیصد جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں 102.6 فیصد اور سویابین آئل کی قیمت میں 119.2 اضافہ دیکھنے میں آیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق مئی 2020 میں پاکستان میں (ریفائنڈ) چینی کی فی کلو قیمت 81.37 روپے فی کلو گرام تھی جبکہ مئی 2021 میں چینی کی قیمت 97.43 روپے فی کلو گرام رہی ہے اس طرح گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں چینی کی فی کلو قیمت میں 19.70 فیصد اضافہ ہوا ہے دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں مئی 2020 کے دوران چینی کی قیمت 240 ڈالر فی میٹرک ٹن تھی جو مئی 2021 میں 380 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی اس طرح عالمی منڈی میں چینی کی قیمت میں 58.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے مقابلہ میں عالمی منڈی میں چینی کی قیمت میں 38.60فیصد زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2020 کے دوران پاکستان میں کوکنگ آئل کی قیمت 1276.40 روپے فی 5 کلو گرام تھی جو مئی 2021 میں 1540 روپے رہی ہے اور ایک سال کے عرصہ میں ملک میں کوکنگ آئل کے پانچ کلوکی قیمت میں 20.65 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ مئی 2020میں عالمی منڈی میں سویا بین آئل کی فی میٹرک ٹن قیمت 684 ڈالر تھی جو مئی 2021میں قیمت 1499 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔ قیمت میں اضافہ کی شرح 119.2 فیصد رہی ہے۔

اس طرح پاکستان کے مقابلہ میں بین الاقوامی مارکیٹ میں کوکنگ آئل کی قیمت میں 98.55 فیصد زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں مئی 2020 میں پاکستان میں ویجی ٹیبل گھی کی قیمت 247.29 روپے کلو تھی جو 22.58 فیصد اضافہ سے مئی 2021 میں 303.12 روپے فی کلو تک بڑھی ہے۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں پام آئل کی فی میٹرک ٹن قیمت مئی 2020 کے دوران 574 ڈالر تھی جو مئی 2021 میں1163ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی اور قیمت میں ایک سال کے عرصہ میں 102.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مئی 2020 میں پاکستان میں پٹرول کی فی لٹر قیمت 81.58 روپے تھی جو 33 فیصد اضافہ سے مئی 2021میں 108.56 روپے فی لٹر تک بڑھی ہے جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں مئی 2020 کے دوران کروڈ آئل کی قیمت 33 ڈالر فی میٹرک ٹن تھی اور 119.4 فیصد کے اضافہ سے مئی 2021کے دوران عالمی منڈی میں کروڈ آئل کی قیمت 68 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ہے۔

اسی طرح مئی 2020 کے دوران پاکستان میں 20کلو گندم کے آٹا کا تھیلا 878.15 روپے کی قیمت پر بک رہا تھا اور ایک سال کے عرصہ میں قیمت میں 28.53 فیصد اضافہ سے مئی 2021 کے دوران پاکستان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1128.69 روپے تک بڑھی ہے جبکہ عالمی منڈی میں مئی 2020 میں گندم کی فی میٹرک ٹن قیمت 209.9 ڈالر تھی اور 29.1 فیصد اضافہ سے مئی 2021 کے دوران عالمی مارکیٹ میں گندم کی فی میٹرک ٹن قیمت 271 ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس طرح گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے مقابلہ میں عالمی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 38.60 فیصد جبکہ پٹرول کی قیمت میں 86.4 فیصد زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے