وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات کی زیر صدارت منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن کے حوالے سے سرگرمیوں کی تیاری سے متعلق اجلاس

55

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی کی زیر صدارت منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن کے موقع پر منعقد ہونے والی سرگرمیوں کی تیاریوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ جمعہ کو وزارت انسداد منشیات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عالمی سطح پر یہ دن منشیات کے استعمال اور اس کی غیر قانونی سمگلنگ پر قابو پانے کے لئے منایا جاتا ہے، اس موقع پر تمام کمیونٹیز، تنظیمیں اور رضاکار منشیات کی لعنت کے خلاف اپنی آواز بلند کریں گے۔

اکبر درانی نے دن کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی ترتیب دینے کے لئے اجلاس کے شرکاءسے ان کی قیمتی رائے حاصل کی، اجلاس میں کریم خان آفریدی ویلفیئر فاونڈیشن سے مس کرسٹینا آفریدی، دوست فائونڈیشن پاکستان سے ڈاکٹر پروین اعظم خان، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ منظور علی میمن، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے سیدہ عائشہ تصدق، اینٹی نارکوٹکس فورس کے نمائندوں، ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ، پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان، یو این او ڈی سی اور وزارت انسداد منشیات کے افسران نے شرکت کی۔