ترجمان سندھ حکومت نے صوبائی بجٹ کو عوام دوست اور متوازن قرار دے دیا

66

کراچی۔15جون (اے پی پی):حکومت سندھ کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے صوبائی بجٹ کو عوام دوست اور متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں پیپلزپارٹی کی صو با ئی حکومت نے ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور انکی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام دوست اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، نئے بجٹ میں صوبہ کے عوا م کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ ایک اچھا ریلیف ہے پنشن میں دس فیصد اضافہ ریٹائرڈ ملازمین کی معاشی ضروریات کے لئے معا و ن ثابت ہوگا، میگا سٹی کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور الیکٹرک بسوں کی اسکیم بجٹ میں شامل کی گئی ہے کراچی کے لئے ایک سو ارب روپے سے زائد کے منصوبے سندھ بجٹ میں شامل ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے مشکل حالات میں سندھ حکومت نے ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے ۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ مزدور کی کم از کم ا جرت میں اضافہ مثالی اقدام ہے۔