اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ مختلف کامیاب جوان سکیموں کے لئے 150ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کا مقصد 10لاکھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعے پیدا کرنا ہے ۔ نوجوانوں کو ڈگری کے ساتھ ہنر مند بنانے سے فائدہ ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کامیاب جوان پروگرام اور پیپسیکوکے درمیان روشن کل انٹرن شپ پروگرام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے سے مستقبل میں فائدہ ہو گا ۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن تھا کہ ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دینے کی بجائے ہنر مند بنائیں گے۔ اس معاہدے کے تحت گریجویٹ طالب علموں کو انٹرنشپ کے مواقعے فراہم کئے جائیں گے تاکہ ان کی پیشہ وارانہ صلاحتیوں میں اضافہ کیا جاسکے۔ پیپسیکو نے ملک میں کورونا وائرس کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں یہ آن لائن پروگرام مرتب کیا جس کے تحت 2020میں 300گریجویٹ کو تربیت دی گئی ۔رواں سال 2021میں پیپسیکو پاکستان ایک ہزار گریجویٹس کو انٹرنشپ دینے کی خواہاں ہے ،
یہ انٹرنشپ پروگرام 35روز پر مشتمل ہو گا جو ورچوئل منعقد کیا جائے گا ۔اس پروگرام کے لئے انٹرنیز کے لئے کسی چیز کی ضرورت نہیں وہ پیپسیکو افسران سے ملاقات کریں گے یہ انٹرنشپ پاکستان کے ہر علاقے کے نوجوانوں کے لئے ہے۔ پروگرام کے دوران ہر نوجوان کو 10ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ نوجوانوں کو مقررہ معیار کے ذریعے منتخب کیا جائے گا اور ان کو مارکیٹنگ ، فنانس، قانون ، پبلک ایڈمنسٹریشن ، فوڈ ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اور کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔ انٹرنشپ مکمل ہونے پر انٹرنشپ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا ۔