اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہنرمند نوجوانوں کو میرٹ پر اب تک 17 ارب روپے قرض دیا گیا ہے جس سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار ملا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ملک کے وسیع تر مفاد میں امریکہ کو اڈے نہ دینے کے حوالے سے دلیرانہ اور دو ٹوک فیصلہ کیا ہے اور ان کی ملک کے ساتھ جو کمٹمنٹ ہے وہ کسی قیمت پر اس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلی مرتبہ وزیراعظم عمران خان جیسا مخلص لیڈر ملا ہے، ان کے سارے اثاثے ملک میں ہیں اور ان کا جینا مرنا اسی ملک میں ہے، وہ ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں سخت فیصلے کرتے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اپوزیشن گزشتہ چند روز سے پروپیگنڈا کر رہی تھی کہ حکومت نے امریکہ کو اڈے دے دیئے ہیں اور اس حوالے سے مریم صفدر کا بیان بھی موجود ہے، پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے لیکن اس کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے ملک کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے دو ٹوک موقف اپنایا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کسی اور کی جنگ کا حصہ بننے کے متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین نے اپنے دور حکومتوں کے دوران دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹ کر بیرون ممالک اثاثے اور جائیدادیں بنائیں، یہ لوگ آج تک عدالتوں میں اپنی جائیدادوں اور اثاثوں کے حوالے سے منی ٹریل نہیں دے سکے، وزیراعظم عمران خان پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے اس کے باوجود اپوزیشن نے جب بنی گالا کی جائیداد کے حوالے سے ان پر الزام لگایا تو انہوں نے اپنی 40 سالہ کمائی کا حساب دیا تھا اور عدالت نے انہیں صادق اور امین قرار دیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے انٹرویو میں اسلامی معاشرے میں پردے کے حکم کا حوالہ دیا ہے اور قرآن میں بھی پردے کا حکم ہے، ان کے بیان کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد ابھی تک پاکستان میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا، وزیراعظم عمران خان کی ملک کے ساتھ جو کمٹنٹ ہے وہ کسی صورت میں اس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ 18 سے 45 سال تک کی عمر کے لوگ بزنس پلان اور ہنر کے ساتھ کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں، ابھی تک ہنرمند نوجوانوں میں 17 ارب روپے قرض تقسیم کیا جا چکا ہے اور ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا ہے۔